آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا، جنگ بندی کے بعد رہبر معظم کا پہلا بیان
23
M.U.H
10/04/2026
رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا ایک تحریری بیان سرکاری ٹی وی پر پڑھ کر سنایا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں لیکن اپنے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایران سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور جنگ میں شہید ہونے والے دیگر ایرانیوں کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران مزاحمتی محاذ کو ایک متحد قوت تصور کرتا ہے جس میں اس کے علاقائی اتحادی بھی شامل ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے انتظام کو نئے مرحلے میں داخل کرے گا تاہم اس حکمت عملی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اس جنگ میں ہونے والے ہر شہید کے خون کا حساب لے گا اور زخمیوں کے لیے مکمل معاوضہ حاصل کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں فاتح ایران ہی ہے۔ جس نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکی و اسرائیلی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔