ملت ایران! دشمنوں کو مایوس کردو: آیت اللہ خامنہ ای
15
M.U.H
09/02/2026
تہران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انقلاب اسلامی ایران کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام کا مکمل متن:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
22 بہمن (11 فروری) ہر سال ملّت ایران کی طاقت اور وقار کی رونمائی کا دن ہے۔ بحمد اللہ [ایرانی قوم] جذبہ سے مالامال، پرعزم، ثابت قدم، قدرداں اور اپنی مصلحتوں اور کمزوریوں سے آگاہ قوم ہے۔ پہلی بار جب 22 بہمن کا واقعہ رونما ہوا، تو ایرانی عوام نے ایک عظیم فتح حاصل کی۔ خود کو اور اپنے ملک کو غیرملکی مداخلت سے بچا لیا۔ ان بیگانہ طاقتوں نے ان تمام برسوں کے دوران حالات کو ماضی کی جانب لوٹانے کی کوشش کی ہے۔
[لیکن] ملت ایران ثابت قدم رہی۔ 22 بہمن اس استقامت کا مظہر ہے۔ یہ ریلیاں [جو اس دن نکلتی ہیں] پوری دنیا میں بے نظیر ہیں۔ دنیا کے کسی بھی حصے میں سننے میں نہیں آیا کہ یوم آزادی اور قومی دن کے برسا برس بعد اور ہر سال پورے ملک میں اتنے عظیم اجتماعات تشکیل پائیں اور ریلیاں نکلیں۔
آج ملت ایران سڑکوں پر جلوسوں کی شکل میں نکل کر [اپنے عزم و ارادے کا] مظاہرہ کرتی ہے۔ اور ان لوگوں کو پسپائی پر مجبور کردیتی ہے جو اس اسلامی سرزمین اور اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے قومی مفادات نظریں گاڑے بیٹھے ہیں۔
ملّی طاقت کا تعلق میزائلوں اور طیاروں سے زیادہ، قوموں کے عزم و ارادے اور ان کی استقامت سے وابستہ ہے۔ آپ نے بحمد اللہ استقامت کا مظاہرہ کیا اور اپنے عزم و ارادے کو سب پر ظاہر کردیا۔ دیگر معاملات میں بھی اسے دکھائیں۔ دشمن کو مایوس کردیں۔ جب تک دشمن مایوس نہیں ہوگا تب تک قوموں کو اذیت و آزار کا سامنا کرنا پڑے گا، [لہذا] دشمن کو مایوس کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ کے اتحاد سے، آپ کے جذبے سے، تفکر اور عزم و ارادے سے دشمن مایوسی کا شکار ہوجائے گا۔ دشمن کے وسوسوں کے سامنے استقامت سے [مایوسی کا شکار ہوگا]۔ یہ سب ملّی طاقت ہے۔
ان شاء اللہ ہمارے نوجوان مختلف میدانوں میں، علم، عمل، تقوے اور اخلاق کے میدانوں میں، دنیوی اور روحانی میدانوں میں ترقی و پیشرفت کرکے ملک کے لیے کام کریں اور افتخار حاصل کریں۔ 22 بہمن ان سب کا مظہر ہے۔
[قومی دن کو] سب سڑکوں پر آکر اور نعرے لگا کر حقیقت کو بیان، اپنے اتحاد کا اعلان اور اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنی وفاداری کا اظہار کرتے ہیں۔
امید ہے اس سال کا 22 بہمن بھی ماضی کے تمام 22 بہمنوں کی طرح ملت ایران کے شکوہ میں اضافہ کرے اور دیگر اقوام، حکومتوں اور طاقتوں کو ایرانی عوام کے سامنے خصوع و خشوع پر مجبور کردے اور ان شاء اللہ ایسا ہی ہوکر رہے گا۔