ہم نے ملک بھر میں مہم چلائی، پھر ہو رہی ہے ذات پات کی مردم شماری: راہل گاندھی
13
M.U.H
30/04/2025
نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کی طرف سے ملک میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا، ’’ذات پات کی مردم شماری کو ڈیزائن کرنے میں حکومت کو ہماری حمایت حاصل ہوگی۔ اس کے لیے بہتر بلیو پرنٹ کی ضرورت ہے۔ ہم اس کا ڈیزائن بنا کر دیں گے۔ ہمارے پاس بہار اور تلنگانہ کی دو مثالیں ہیں، جن میں آسمان اور زمین کا فرق ہے۔ حکومت کو ذات پات کی مردم شماری کے طریقے بتائے۔‘‘ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ تاریخ بتائے کہ ذات پات کی مردم شماری کب ہوگی۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا، ’’پارلیمنٹ میں ہم نے کہا تھا کہ ذات پات کی مردم شماری کراکر چھوڑیں گے۔ 50 فیصد کی جو دیوار ہے، اسے بھی توڑ کر رکھیں گے۔ پتہ نہیں ایسا کیا ہوا اچانک 11 سال بعد ذات پات کی مردم شماری کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی پر اس کا بھی دباؤ ڈالیں گے کہ 50 فیصد ریزرویشن کی کیپ کو بھی توڑا جائے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ہم نے ذات پات کی مردم شماری کے حوالے سے نہ صرف دباؤ ڈالا ہے بلکہ ملک بھر میں ایک جامع مہم بھی چلائی ہے، جس کے بعد یہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’پہلے تو نریندر مودی کہتے تھے کہ صرف چار ذاتیں ہیں، لیکن اچانک انہوں نے ذات پات کی مردم شماری کرانے کا اعلان کیا۔ ہم ذات پات کی مردم شماری کے ذریعے ملک میں ایک نئے طریقے کی ترقی لانا چاہتے ہیں۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا، ’’چاہے او بی سی ہوں، دلت ہوں یا قبائلی، ان کی ملک میں کتنی حصہ داری ہے، یہ صرف پتہ ذات پات کی مردم شماری سے چلے گا، لیکن ہمیں مزید آگے جانا ہے۔ ہمیں یہ معلوم کرنا ہوگا کہ ملک کے اداروں اور پاور اسٹرکچر میں ان لوگوں کی کتنی شراکت ہے۔‘‘