’وقف ترمیمی قانون‘ کے خلاف کل ہوگا ’بلیک آؤٹ‘، مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر رات 9 بجے بند ہو جائیں گی سبھی لائٹس!
1029/04/2025
وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلم تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ خاص طور سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مختلف طرز سے اپنا احتجاج ظاہر کر رہا ہے۔ 30 اپریل کو بھی ملک گیر سطح پر ایک احتجاج ہوگا جس کا نام ’لائٹ بند کرو‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت بدھ کو رات 9.00 بجے 15 منٹ کے لیے سبھی لائٹ کو بند کر دیا جائے گا۔ اس عمل سے ’بلیک آؤٹ‘ کا نظارہ دیکھنے کو ملے گا، جو کہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلمانوں کی ناراضگی کا مظہر بنے گا۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان سید قاسم رسول الیاس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بورڈ نے وقف قانون میں کی گئی تفریق آمیز و غیر آئینی ترامیم کے خلاف ملک گیر سطح پر تحریک چلا رہی ہے۔ ملک بھر میں کئی تقاریب منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اب تک کئی شہروں میں بڑے اجلاس ہو بھی چکے ہیں، ساتھ ہی لوگوں کے ساتھ گول میز میٹنگیں منعقد کی گئی ہیں۔ ضلع سطح پر کئی دھرنے، احتجاجی مظاہرے اور انسانی زنجیر بنانے کا عمل بھی انجام دیا گیا ہے۔ قاسم رسول الیاس نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اب بدھ یعنی 30 اپریل کو رات 9.00 بجے سے 9.15 بجے تک پورے ملک میں لائٹ بند کرنے کا پروگرام ہے۔
ڈاکٹر الیاس کا کہنا ہے کہ لائٹ بند کرنے کا پروگرام ظاہری طور پر ایک علامتی مظاہرہ ہے، لیکن اس کے ذریعہ سے پورے ملک کے مسلمان اور سبھی انصاف پسند لوگ متحد ہو کر ان سیاہ ترامیم کے خلاف اپنا احتجاج ظاہر کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ اپنے سبھی بھائیوں اور بہنوں، خصوصاً مسلمانوں، اقلیتی طبقات، کمزور و محروم طبقات، شہری سماج اور سبھی انصاف پسند لوگوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس سرکاری ناانصافی و استحصال کے خلاف کھڑے ہوں اور 30 اپریل کو 9 بجے صرف 15 منٹ کے لیے اپنے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کی لائٹس بند کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے امید ظاہر کی ہے کہ لوگ اس چھوٹے سے عمل میں اتحاد کا مظاہرہ کریں گے تاکہ حکومت پر غیر معمولی اثر ڈالا جا سکے۔ انھوں نے یہ یقینی بنانے کی گزارش کی کہ کوئی بھی گھر، دکان اور مرکز ایسا نہ ہو جو اس مہم کا حصہ نہ بنے۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’30 اپریل کو رات 9 بجے سے 9.15 بجے تک اپنے گھروں، دفتروں اور دکانوں کی لائٹس بند رکھیں۔‘‘
اس درمیان آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اور حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بھی منگل کے روز اعلان کیا کہ 30 اپریل کو ’لائٹس بند کرو‘ مہم چلائی جائے گی جس میں عوام کی شرکت ضروری ہے۔ انھوں نے لوگوں سے بدھ کی شب 9 بجے سے 15 منٹ کے لیے لائٹس بند کر کے مہم کی حمایت کرنے کی گزارش کی ہے۔ اویسی نے یہ بھی کہا کہ اس مہم کا حصہ بنیں تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ یہ وقف ترمیمی قانون بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔