مسقط میں تیسرے مذاکراتی راونڈ کے بعد، ایرانی وزیر خارجہ اور رافائل گروسی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو
43
M.U.H
28/04/2025
ابھی کچھ دیر قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" اور IAEA کے ڈائریکٹر "رافائل گروسی" کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ جس میں رافائل گروسی نے ایرانی وزیر خارجہ سے کہا کہ ایک بار پھر ایران-امریکہ بالواسطہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی ان مذاکرات میں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ اس دوران رافائل گروسی نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ اس ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ IAEA کے ڈائریکٹر اور سید عباس عراقچی کے درمیان یہ گفتگو انجام پائی۔ دوسری جانب سید عباس عراقچی نے اس ادارے کے قانونی فرائض کی بنیاد پر ایرانی جوہری مذاکرات میں IAEA کے کردار کی اہمیت کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران، NPT کے ایک ذمہ دار رکن کے طور پر اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق، IAEA کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایجنسی کا تکنیکی اور پیشہ ورانہ نقطہ نظر حفاظتی اقدامات کے باقی ماندہ مسائل کو جلد از جلد حل کر دے گا۔ اس دوران ایرانی وزیر خارجہ نے رافائل فروسی کو تہران-واشنگٹن بالواسطہ مذاکرات میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔