جے این یو طلبہ یونین انتخابات: کونسلر عہدے پر جیت کے بعد آر جے ڈی میں خوشی کی لہر
37
M.U.H
28/04/2025
جواہر لال یونیورسٹی (جے این یو) کے طلبہ یونین کے انتخاب میں آر جے ڈی کے ایکٹیوسٹ روی راج نے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز (ایس آئی ایس) میں جیت درج کی ہے۔ اس جیت سے آر جے ڈی کے اسٹوڈنٹ ونگ میں کافی جوش و خروش کا ماحول ہے۔ جے این یو میں جیت کے بعد پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں جیت کے بعد آر جے ڈی کے کارکنان کافی خوشی مناتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ شیئر کی گئی پوسٹ میں پارٹی نے لکھا کہ ’’جے این ایو میں بھی جلا لالٹین! ملک کے سب سے باوقار یونیورسٹی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) دہلی کے طلبہ یونین کے انتخاب میں کونسلر کے عہدے کے لیے طالب علم اور آر جے ڈی کے امیدوار روی راج نے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز (ایس آئی ایس) میں بڑے فرق سے جیت حاصل کی ہے۔ صدارتی امیدوار اکشن رنجن نھے بھی اپنی محنت اور صدارتی تقریر سے سب کو متاثر کیا۔‘‘
آر جے ڈی نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’سماجی انصاف، سوشلزم اور سیکولر سیاست کے علمبردار لالو پرساد اور ملک کے سب سے مقبول جوان لیڈر تیجسوی یادو کی ترقی پسند، مثبت اور نتیجہ خیز سیاست اور قیادت کی جیت ہے۔‘‘ پوسٹ میں آگے لکھا گیا کہ ’’گزشتہ چند سالوں میں ہی آر جے ڈی نے جے این یو میں اپنی خاص پہچان بنا لی ہے۔ ابھی حال ہی میں دہلی یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کے انتخاب میں آر جے ڈی ٹیچرس یونٹ (نیشنل ٹیچرس فرنٹ) کے امیدوار پروفیسر وویک راجک نے شاندار جیت درج کرکے دہلی یونیورسٹی کے اساتذہ میں اپنی شاندار موجودگی درج کرائی تھی۔‘‘
آر جے ڈی نے پوسٹ کی اخیر میں لکھا کہ ’’پارٹی جے این یو کے طلبہ آر جے ڈی یونٹ، آر جے ڈی کے نیشنل ٹیچرس فرنٹ سمیت دہلی میں پارٹی کے سینئر ساتھیوں، ترجمانوں اور اراکین پارلیمنٹ کی رہنمائی کے لیے مبارکباد پیش کرتی ہے۔ طلبہ اور نوجوانوں کی طاقت، آپ کا اپنا راشٹریہ جنتا دل۔‘‘