ہندوستان کی پاکستان پر ایک اور کارروائی، شعیب اختر سمیت 16 بڑے یو ٹیوب چینلز کو کیا بلاک
39
M.U.H
28/04/2025
ہندوستان نے پاکستان کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کی ہے۔ اس بار ڈیجیٹل چوٹ لگاتے ہوئے پاکستان کے کئی بڑے یو ٹیوب چینلز کو بلاک کر دیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف حساس مواد چلانے کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔ حالانکہ ہندوستان کی طرف سے پہلی مرتبہ یہ قدم نہیں اٹھایا گیا ہے اس سے قبل جنوری میں بھی 30 سے زیادہ چینلز کو بلاک کر دیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ملکوں کے رشتے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد کشیدہ ہیں۔
وزارت داخلہ کی سفارشوں پر حکومت نے ہندوستان، اس کی فوج اور سیکوریٹی ایجنسیوں کے خلاف اشتعال انگیز جھوٹے، گمراہ کن بیانات اور غلط اطلاع نشر کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ڈان نیوز، شمع ٹی وی، جیو نیوز سمیت 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر چینلز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بے حد مقبول ہیں اور کل ملا کر ان کے سسبسکرائبرس کی تعداد 63 ملین سے بھی زیادہ ہے۔
ان کے علاوہ ہندوستان میں آرزو کاظمی اور پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمینٹیٹر شعیب اختر کے یو ٹیوب چینل کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔
بلاک کیے جانے والوں میں ڈان نیوز، ارشاد بھٹی، شمع ٹی وی، اے آر وائی نیوز، بول نیوز، رفتار، دی پاکستان ریفرنس، جیو نیوز، شمع اسپورٹس، جی این این، عذیر کرکٹ، عمر چیم ایکسکلیوسیو، آسما شیرازی، منیب فاروق، سنو نیوز ایچ ڈی اور راضی نامہ وغیرہ شامل ہیں۔ سبسکرائبرس کے معاملے میں ان میں سب سے بڑا چینل جیو نیوز ہے جس کے 18.1 ملین سبسکرائبرس ہیں۔