پیگاسس جاسوسی کیس :اسپائی ویئر کا استعمال غلط نہیں:سپریم کورٹ
18
M.U.H
29/04/2025
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیگاسس جاسوسی معاملے سے متعلق رپورٹ کو عوامی کرنے کی مانگ پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ پوری رپورٹ کو عوامی کرنا ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس رپورٹ کو سڑک پر ہونے والی بحث کا دستاویز نہیں بنایا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہے تو اس طرح کی جاسوسی میں کیا مسئلہ ہے؟
البتہ، اگر عام شہری متاثر ہو رہے ہوں تو عدالت ان کی درخواستوں پر غور کر سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملک اسپائی ویئر کا استعمال کر رہا ہے، تو اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔ ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ شخصی رازداری اور قومی سلامتی کے درمیان توازن ضروری ہے۔ اہم سوال یہ ہے کہ اسپائی ویئر کا استعمال کس کے خلاف ہو رہا ہے۔ اگر اس کا استعمال سول سوسائٹی کے افراد کے خلاف کیا جا رہا ہے تو یقینی طور پر اس پر غور کیا جائے گا۔
تشار مہتا نے کہا کہ اگر دہشتگردوں کے خلاف اسپائی ویئر استعمال کیا جا رہا ہے تو اس میں کیا غلط ہے؟ انہوں نے کہا: دہشتگردوں کو پرائیویسی کا کوئی حق حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنہیں آئین کے تحت نجی زندگی کا حق حاصل ہے، انہیں تحفظ دیا جائے گا۔ جسٹس سوریہ کانت نے کہا: اگر کوئی ملک اسپائی ویئر کا استعمال کر رہا ہے تو اس میں غلط کیا ہے؟ اصل سوال یہ ہے کہ اسے کس کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ پیگاسس اسپائی ویئر کی رپورٹ کو سڑک پر بحث کا موضوع نہیں بنایا جا سکتا۔
یہ تبصرہ تکنیکی پینل کی رپورٹ پر کیا گیا جسے پیگاسس کے مبینہ غلط استعمال کی تفتیش کے لیے بنایا گیا تھا۔ یونیورسٹیوں اور کارکنان کی طرف سے عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ یہ رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے۔ سینئر وکیل شیام دیوان نے کہا کہ ریاست نے صحافیوں سمیت اپنے ہی شہریوں کے خلاف اسپائی ویئر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس بات کے ثبوت فراہم کر سکتے ہیں۔
اس پر عدالت نے کہا کہ پوری رپورٹ کو عوامی نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کچھ افراد کو خدشہ ہے کہ ان کے فون ہیک ہوئے ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ پیگاسس کے استعمال کی رپورٹ عوامی طور پر شیئر نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ سپریم کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت 30 جولائی کو کرے گا۔