مولانا کلب جواد نقوی پر حملہ پوری ملتِ جعفریہ کی آواز کو دبانے کی ناپاک کوشش: مشورتی کونسل طلاب ہندوستان
10
M.U.H
17/10/2025
قم المقدسہ میں مقیم طلابِ ہندوستان کی مشورتی کونسل نے آفتابِ شریعت حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید کلبِ جواد نقوی پر ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملتِ جعفریہ کے خلاف ایک گھناؤنی سازش اور حق و انصاف کی آواز کو خاموش کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔ کونسل نے حکومتِ ہند سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملوث عناصر کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “مولانا کلبِ جواد پر حملہ نہ صرف ایک ممتاز عالمِ دین کی ذات پر حملہ ہے بلکہ یہ پوری ملتِ جعفریہ اور اہلِ حق و انصاف کی آواز کو دبانے کی ناپاک کوشش ہے۔”
مشورتی کونسل طلابِ ہندوستان نے کہا کہ مولانا کلبِ جواد نقوی کی خدمات اتحادِ ملت، سماجی انصاف، اور وقف املاک کے تحفظ کے میدان میں نمایاں ہیں اور ان پر حملہ دراصل حق و انصاف کی آواز کو خاموش کرنے کی سازش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں حکومتِ ہند اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اس جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جلد از جلد سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص اس طرح کے مذموم اقدام کی جرأت نہ کر سکے۔
مشورتی کونسل نے ملت کے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں، قانونی و پرامن طریقے سے احتجاج درج کرائیں اور اتحاد و یکجہتی کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔
آخر میں مشورتی کونسل طلابِ ہندوستان نے مولانا سید کلبِ جواد نقوی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “ہم وقف املاک کے تحفظ کی راہ میں مولانا موصوف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں” اور ان کی سلامتی و عافیت کے لیے دعاگو ہیں کہ خداوندِ متعال انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان کے حق و انصاف کے مشن کو کامیابی و استقامت عطا فرمائے۔