مولانا سید کلب جواد نقوی پر حملے کے خلاف مولانا سید ابوالقاسم رضوی کا مذمتی بیان، حملہ آوروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ
6
M.U.H
17/10/2025
صدر شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا و امام جمعہ ملبورن حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے ایک مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
حجۃ الاسلام مولانا سید ابو القاسم رضوی نے مولانا سید کلب جواد نقوی پر ہونے والے افسوسناک اور دلخراش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس واقعے نے نہ صرف مذہبی طبقے بلکہ پورے سماج کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ واقعہ ایک عالمِ دین کی ذات پر نہیں بلکہ امن، رواداری اور معاشرتی ہم آہنگی پر حملہ ہے۔
سید ابو القاسم رضوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ایسے بزدلانہ واقعات سے ملت کا عزم کمزور نہیں ہوگا بلکہ اتحاد اور مضبوطی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ وقف خوروں، مافیا عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کی جان، مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ایسے عناصر جو مذہبی شخصیات یا اداروں کے خلاف سازشیں کرتے ہیں، وہ دراصل قوم کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مولانا سید ابو القاسم رضوی نے تمام علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک موقع پر ملت کے تمام طبقات کو ایک آواز بن کر امن، انصاف اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مولانا کلب جواد نقوی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، انہیں صحت و سلامتی اور طولِ عمر عطا فرمائے۔ آمین۔