کرناٹک میں بی جے پی لیڈرنے مسلم آئی اے ایس افسرکو بتایا پاکستانی
46
M.U.H
27/05/2025
کرناٹک میں بی جے پی ایم ایل سی این روی کمارنے مسلم آئی اے ایس افسر فوزیہ ترنم پرمتنازعہ تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے آئی اے ایس فوزیہ کو پاکستانی بتا دیا ہے۔ اس معاملے پران پرمقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔ آئی اے ایس افسر فوزیہ ترنم اس وقت کرناٹک کے کلبرگی کی ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ہیں، جن پر بی جے پی لیڈر کے ذریعہ تبصرہ اس وقت کیا گیا ہے، جب وہ ایک ریلی کوخطاب کررہے تھے۔
فوزیہ ترنم 2014 بیچ کی آئی اے ایس افسرہیں، ان کی یوپی ایس سی میں 31ویں رینک آئی تھی۔ موجودہ وقت میں ان کی تعیناتی کلبرگی میں ہے۔ آئی اے ایس بننے سے پہلے وہ 2010 بیچ کی آئی آرایس افسرتھیں۔ دوسری جانب، آئی اے ایس ایسوسی ایشن نے بھی اس بیان کی مذمت کی ہے اور افسرفوزیہ کو صاف ستھری شبیہ والا افسر بتایا ہے۔
کون ہیں آئی اے ایس فوزیہ ترنم؟
فوزیہ ترنم کی پیدائش 2 اپریل 1992 کو کرناٹک کے بنگلورو میں ہوئی تھی۔ یہیں پرانہوں نے تعلیم حاصل کی اور پھر ٹی سی ایس میں اینالسٹ کی پوسٹ پرکام کیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے خود بتایا تھا کہ 2010 میں نوکری چھوڑنے کے بعد انہوں نے یوپی ایس سی کی تیاری شروع کی۔ 2011 میں سول سروسیز امتحان کوالیفائی کیا۔ رینک 307 آئی اورآئی آرایس کی پوسٹ ملی۔ اگلے سال پھر امتحان دیا، مگر رینک میں سدھار نہیں ہوا۔ اس کے بعد وہ ناگپور میں ٹریننگ لی اور ہوم ٹاؤن میں ہی انہیں تعیناتی مل گئی۔
یوپی ایس سی امتحان 2014 میں آئی 31ویں رینک
2014 میں فوزیہ ترنم نے ایک بار پھر یوپی ایس سی امتحان پاس کیا اور 31 واں رینک حاصل کیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ آئی آر ایس کے طور پر کام کرتے ہوئے انہیں یہ محسوس ہوا کہ آئی آر ایس اور آئی اے ایس کے پروفائل میں کتنا فرق ہے۔ میں نے ایسی صورت میں آخری کوشش کی ، اہل خانہ کی پوری طرح حمایت ملی اور آل انڈیا رینک کے ساتھ کامیابی ملی۔ پہلی تعیناتی سے لے کر اب تک ان کی شبیہ بے حد صاف ستھری رہی ہے۔ آئی اے ایس فوزیہ ترنم کو رواں برس عوامی انتظامیہ میں ان کے بہترین کام کے لیے جنوری میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اعزاز سے سرفراز کیا تھا۔ وہ ان 22 افسران میں شامل تھیں جنہیں یہ ایوارڈ ملا۔
آئی اے ایس فوزیہ ترنم نے کہاں سے تعلیم حاصل کی؟
آئی اے ایس فوزیہ ترنم نے اپنی ابتدائی تعلیم بشپ کاٹن گرلز ہائی اسکول، بنگلورو میں حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے جیوتی نواس کالج، بنگلورو سے بی کام کیا، جہاں وہ پوری یونیورسٹی میں پانچویں نمبر پر رہیں۔ اس کے بعد انہوں نے کرائسٹ کالج، بنگلور سے فائنانس میں ایم بی اے کیا اور گولڈ میڈلسٹ تھیں۔ انہوں نےSustainable Development (پائیدار ترقی) میں ڈپلومہ بھی کیا ہے۔
بی جے پی لیڈر نے کیا کہا؟
بی جے پی لیڈر این روی کمار نے کلبرگی کی ڈی سی آئی اے ایس فوزیہ ترنم پر الزام لگایا ہے کہ ضلع انتظامیہ کانگریس کے دباؤ میں کام کر رہی ہے۔ ڈی سی کسی کی نہیں سن رہی ہیں، وہ وہی کرتی ہیں جو کانگریس کہتی ہے، مجھے نہیں معلوم کہ کلبرگی ڈی سی پاکستان سے آئی ہیں یا یہاں کی آئی اے ایس افسر ہیں۔