امریکہ کی جانب سے پیش کردہ "جنگ بندی منصوبہ" قبول کر لیا ہے، حماس کا اعلان
29
M.U.H
28/05/2025
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما باسم نعیم نے اعلان کیا ہے کہ حماس نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکاف کے مجوزہ جنگ بندی منصوبے کے ساتھ اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں باسم نعیم نے کہا کہ حماس اس تجویز پر قابض صیہونی رژیم کے جواب کی منتظر ہے۔ انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر مزید لکھا کہ ہم اس تجویز پر قابض صیہونی رژیم کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ اس تجویز کا نچوڑ؛ جنگ کا خاتمہ، دشمن قوتوں کا انخلاء اور مستقل جنگ بندی کی تیاری ہے!
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی ایک فلسطینی عہدیدار نے المیادین کو بتایا تھا کہ حماس و اسرائیلی فریق، دونوں اسٹیو وٹکاف کی ہم آہنگی کے ساتھ فلسطینی نژاد امریکی ثالث بشارہ بحبح کی جانب سے تیار کئے گئے جنگ بندی منصوبے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس فلسطینی عہدیدار کے مطابق مذکورہ منصوبے میں 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز دی گئی ہے کہ جس کے دوران 10 زندہ اسرائیلی قیدیوں کو 2 مراحل میں رہا کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس کے جواب میں حماس نے 5 زندہ اور 5 مردہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور 90 روزہ جنگ بندی کی تجویز دی تھی تاہم امریکی فریق نے 70 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے!