ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں مداخلت نہ کریں، صدر ٹرمپ کی نتن یاہو کو سخت وارننگ
31
M.U.H
28/05/2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے صہیونی وزیراعظم کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں مداخلت کرنے سے سختی کے ساتھ منع کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ویب سائٹ آکسیوس نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نتانیاہو کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہیں، کیونکہ اس طرح کی یکطرفہ کارروائیاں سفارتی عمل کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
آکسیوس کے مطابق یہ انتباہ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے ایک ٹیلی فون کال میں کیا۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اعلی عہدیدار اور ایک باخبر ذریعے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ کو خدشہ ہے کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کررہا ہے تاکہ مذاکرات ناکام ہوجائیں۔
آکسیوس کے مطابق، صدر ٹرمپ نے نتانیاہو سے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ سفارتی حل میں کوئی رکاوٹ ڈالی جائے۔ وہ اب بھی سفارت کاری کو موقع دینا چاہتے ہیں، اگرچہ دوسرے آپشنز بھی میز پر موجود ہیں۔
یہ گفتگو ایسے وقت ہوئی جب واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو اہلکار ہلاک ہوئے۔
ایک اسرائیلی عہدیدار نے انکشاف کیا کہ امریکی وزیر داخلہ کریسٹی نوئم نے تل ابیب میں نتانیاہو سے ملاقات کرکے ٹرمپ کا پیغام پہنچایا۔ نوئم نے امریکی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ انہوں نے نتن یاہو سے صاف اور براہِ راست گفتگو کی اور زور دیا کہ امریکہ اور اسرائیل کو اس موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایران کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھنے دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ ان مذاکرات کو ہفتوں یا مہینوں تک نہیں گھسیٹیں گے بلکہ آئندہ چند روز میں فیصلہ کرلیں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لووئٹ نے بھی تصدیق کی کہ ٹرمپ نے نتانیاہو سے صاف کہا ہے کہ ان کی ترجیح ایران کے ساتھ سختی اور تصادم کے بجائے ایک معاہدہ ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر رون ڈرمر اور موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا واشنگٹن پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ایران کے بارے میں بات چیت کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی ونس، خفیہ ادارے کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔