مندروں کو سرکاری بدعنوانی سے بچایا جائے، بی جے پی کر رہی ہے قبضہ، بانکے بہاری مندر ٹرسٹ کی تشکیل پر اکھلیش یادو چراغ پا
36
M.U.H
28/05/2025
سماج وادی پارٹی کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے مندروں کے انتظام کے حوالے سے بی جے پی پر بڑا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں انہوں نے ’مندروں کو سرکاری انتظامیہ کی بدعنوانی سے بچایا جائے!‘ ایک سرخی قائم کیا۔ پھر لکھا کہ ’’تمام بڑے مندروں پر سرکاری انتظام کے پس پردہ بی جے پی اور ان کے ساتھی بالواسطہ طور پر اپنا قبضہ کرتے جا رہے ہیں۔‘‘
اکھلیش یادو نے آگے لکھا کہ ’’جو لوگ روایتی طور پر سیکڑوں سالوں سے ان مندروں کے انتظام و انصرام میں عقیدے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے آ رہے ہیں۔ ان سے ان کی خدمات کے حق کو صلب کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ان کے اوپر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک طرح سے یہ بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ اس کام کو کرنے کے قابل نہیں ہیں یا پھر ان کی انتظامیہ میں خامی ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے مزید لکھا کہ ’’مندروں میں عقیدت مند جو عطیات دیتے ہیں اس کا استعمال مندر میں زیارت، پرساد دینے، سیکورٹی، عوامی سہولیات اور دھرم شالہ وغیرہ کے کاموں میں ہوتا آیا ہے۔ خدمت کے جذبے سے سرشار وفادار انتظامیہ ہی اس بات کو یقینی بنا سکتی ہے، کیونکہ ان کو اس طرح کی مذہبی سرگرمیوں سے بہت زیادہ لگاؤ ہوتا ہے۔‘‘
اکھلیش یادو کے مطابق جو باہر کے لوگ ہوتے ہیں یا پیشہ ور ہوتے ہیں وہ ان تمام مذہبی سرمایہ کاری کو نفع و نقصان کے ترازو پر تولتے ہیں، ان کے لیے یہ ایمان و عقیدہ کی بات نہیں ہوتی ہے۔ ایسے کئی معاملات سامنے آئے ہیں، جہاں ایسے انتظامی لوگوں نے مندر میں چڑھائے جانے والے بیل پتروں تک کو فروخت کر کے بدعنوانی کی ہے۔ کاروباری بی جے پی اور ان کے پیسے کے بھوکے دوست یاد رکھیں کہ مذہب بھلائی کے لیے ہوتا ہے، کمائی کے لیے نہیں۔ اکھلیش یادو نے بی جے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ جب سے بی جے پی آئی ہے ایک کے بعد ایک مندروں پر ’انتظامی قبضہ‘ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ ملک کی ثقافتی مذہبی روایت کے خلاف ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے پیر (26 مئی) کو شری بانکے بہاری جی مندر ٹرسٹ 2025 آرڈیننس کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کردیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے ساتھ مندر ٹرسٹ کا نیا ڈھانچہ بھی واضح کر دیا گیا ہے۔ گورنر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شری بانکے بہاری جی مندر ٹرسٹ میں کل 18 ممبران ہوں گے۔ اس میں انتظامی اور مذہبی دونوں اطراف کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ مندر کے ہموار انتظام و انصرام میں شفافیت اور توازن برقرار رہے۔