آسام میں 2026 تک کم عمری کی شادی کا مکمل خاتمہ کر دیں گے: ہیمنتا سرما
35
M.U.H
27/05/2025
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتاا بسوا سرما نے کہا ہے کہ ریاست میں 2026 تک کم عمری کی شادی جیسی سماجی برائی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔ سرما نے بتایا کہ آسام حکومت کی جانب سے کم عمری کی شادی کے خلاف کی گئی قانونی کارروائیوں کے نتیجے میں 2021-22 سے 2023-24 کے درمیان ریاست کے 35 میں سے 20 اضلاع میں ایسے معاملات میں 81 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
سرما نے بتایا کہ اتوار کے روز دہلی میں منعقدہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے اجلاس میں آسام کی اس مہم کو سراہا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں آسام حکومت کی جانب سے کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے کیے گئے ’’مضبوط اور انتھک‘‘ اقدامات پر مرکزی وزراء، دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور خود وزیراعظم مودی نے تعریف کی۔
پریس ریلیز کے مطابق، وزیراعظم نے این ڈی اے کے تحت آنے والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ آسام ماڈل کو اپنا کر کم عمری کی شادی کے خلاف مہم کو مضبوط بنائیں۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ مودی نے حکام سے آسام کا دورہ کرنے کو کہا تاکہ وہ خود مشاہدہ کر سکیں کہ کس طرح آسام نے اس برائی کا خاتمہ کیا۔ اجلاس میں وزرائے اعلیٰ نے پانی کے تحفظ، شکایات کے ازالے، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور کھیلوں جیسے شعبوں میں اپنی ریاستوں میں کیے گئے بہتر اقدامات کو پیش کیا۔