آپریشن سندور: ’22 اپریل کا بدلہ 22 منٹ میں لے لیا‘، وزیر اعظم مودی کا بیان
18
M.U.H
22/05/2025
بیکانیر: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو راجستھان کے بیکانیر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کا ذکر کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 22 اپریل کو دہشت گردوں کے حملے کا بدلہ 22 منٹ میں لے لیا گیا اور 9 اہم دہشت گرد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا، ’’22 اپریل کے حملے کے جواب میں ہم نے 22 منٹ کے اندر دہشت گردوں کے 9 سب سے بڑے اڈے تباہ کر دیے۔ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ جب سندور بارود بن جائے تو اس کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔‘‘
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے تینوں افواج کو کھلی چھوٹ دی تھی اور انہوں نے ایسا چکر ویو تیار کیا کہ پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجستھان کی یہ بہادر دھرتی ہمیں سکھاتی ہے کہ ملک اور اہلِ وطن سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا، ’’22 اپریل کو دہشت گردوں نے مذہب پوچھ کر ہماری بہنوں کی مانگ کا سندور اجاڑ دیا تھا۔ اگرچہ گولیاں پہلگام میں چلیں لیکن ان سے پورے 140 کروڑ ہندوستانیوں کا دل چھلنی ہو گیا تھا۔ اس کے بعد ہر ہندوستانی نے ایک عہد لیا کہ ہم دہشت گردوں کو مٹی میں ملا دیں گے۔‘‘
وزیراعظم مودی نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تین نکات بھی پیش کیے۔ پہلا، اگر ہندوستان پر حملہ ہوا تو جواب کرارا ہوگا، وقت، طریقہ اور شرائط ہماری ہوں گی۔ دوسرا، ایٹمی دھمکیوں سے ہندوستان ڈرنے والا نہیں۔ تیسرا، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والی حکومت کو الگ نہیں سمجھا جائے گا۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ پاکستان کو ہر دہشتگرد حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ قیمت پاکستان کی فوج اور معیشت دونوں کو ادا کرنی ہوگی۔ اگر پاکستان نے دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھی تو اسے پانی کی بوند بوند کو ترسایا جائے گا۔
مودی نے یاد دلایا کہ بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کے بعد ان کی پہلی ریلی بھی راجستھان میں ہوئی تھی اور اب ’آپریشن سندور‘ کے بعد بھی پہلی ریلی اسی دھرتی پر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ’ویر بھومی‘ کی خاصیت ہے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا، ’’یہ بدلے کی کارروائی نہیں، انصاف کا نیا روپ ہے۔ یہ محض غصہ نہیں بلکہ ایک متحد ہندوستان کا قہرناک چہرہ ہے۔ پہلے ہم گھر میں گھس کر حملہ کرتے تھے، اب ہم سیدھا سینے پر وار کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جو ہندوستان کا خون بہاتے تھے، آج وہ یا تو ملبے میں دبے ہیں یا چھپے بیٹھے ہیں۔ یہی ہے ’نیا بھارت‘، جو دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔