پہلگام حملہ کے ذمہ دار کب گرفتار ہونگے؟کانگریس کا سوال
19
M.U.H
21/05/2025
نئی دہلی: کانگریس نے بدھ کے روز کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کو ایک ماہ گزر چکا ہے، لیکن ابھی تک ان دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کیا گیا جنہوں نے اس حملے کو انجام دیا تھا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پی ٹی آئی-بھاشا سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان کے خلاف سفارتی کوششیں اپنی جگہ درست ہیں، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ معصوم ہندوستانی شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں سزا دی جائے۔
انہوں نے 2008 کے ممبئی دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت دہشت گردوں کو قانون کے دائرے میں لایا گیا تھا اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا گیا تھا۔ رمیش نے کہا: ہم چاہتے ہیں کہ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے۔ اس حملے کو ایک مہینہ مکمل ہونے کو ہے۔ سفارتی کوششیں اپنی جگہ ہیں، لیکن حملہ آوروں کو پکڑنا اور انہیں سزا دینا بھی نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے راہل گاندھی پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈروں کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے کہا: جناح کو کلین چٹ دے کر ان کی تعریف کس نے کی تھی؟ جسونت سنگھ نے جناح کی تعریف کی تھی۔ اٹل بہاری واجپئی لاہور تک بس لے کر گئے تھے۔ نواز شریف کے ساتھ ناشتے پر کون گیا تھا؟ یہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی تھے۔ جئے رام رمیش نے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا: جب آپ مایوس ہو جاتے ہیں، آپ کی شبیہ داغدار ہو جاتی ہے، تو آپ ارکانِ پارلیمان کو بیرونِ ملک بھیجنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ فوجی تنازعے میں چین نے پاکستان کی مدد کی تھی اور کانگریس اور راہل گاندھی پہلے ہی چین-پاکستان گٹھ جوڑ پر سوال اٹھا چکے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ اب بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے دھیان ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ اس کے بعد ہندوستانی مسلح افواج نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب 'آپریشن سندور' کے تحت پاکستان اور اس کے زیرِ قبضہ کشمیر میں کئی دہشت گرد ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے تھے۔