آپریشن سندور: خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے بیرون ممالک جانے والے کُل جماعتی نمائندہ وفود کو دی بریفنگ
14
M.U.H
20/05/2025
ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے 20 مئی کو اُن 7 میں سے 3 کُل جماعتی نمائندہ وفود کے سامنے بریفنگ پیش کی، جو کہ جلد ہی بیرون ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ فود پہلگام دہشت گردانہ حملہ اور آپریشن سندور کے بعد ہندوستان کا موقف بین الاقوامی اسٹیج پر رکھنے کے لیے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے۔ اس سے ٹھیک پہلے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے 3 کُل جماعتی نمائندہ وفود کے سامنے پہلگام حملہ اور آپریشن سندور کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنتا دل یو کے سنجے جھا، شیوسینا کے شریکانت شندے اور ڈی ایم کے کی کنی موژی کی قیادت والے کُل جماعتی نمائندہ وفود کے اراکین نے خارجہ سکریٹری کی بریفنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ کے دوران سبھی اراکین کو ان کے ایجنڈے اور اس کے اہم نکات کی جانکاری دی گئی۔ ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی نے بھی اس میٹنگ میں حصہ لیا، حالانکہ پہلے وہ کُل جماعتی نمائندہ وفود کا حصہ نہیں تھے۔ ٹی ایم سی کے ذریعہ حکومت کے ’یکطرفہ‘ فیصلے کے خلاف احتجاج درج کیا گیا تھا، اور اب ابھشیک بنرجی اس نمائندہ وفد کا حصہ ہیں جس کی قیادت سنجے جھا کر رہے ہیں۔ سنجے جھا کی قیادت والا نمائندہ وفد جاپان، جنوبی کوریا، ملیشیا، انڈونیشیا اور سنگاپور کا دورہ کرے گا۔
خارجہ سکریٹری نے جن 3 کُل جماعتی نمائندہ وفود کے اراکین کو آج بریفنگ دی، ان کی تفصیلات ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں۔
1. جنتا دل یو رکن پارلیمنٹ سنجے جھا کی قیادت والا نمائندہ وفد
سنجے کی قیادت والا کُل جماعتی نمائندہ وفد انڈونیشیا، ملیشیا، کوریا ریپبلک، جاپان اور سنگاپور جائے گا۔ اس میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ اپراجیتا سارنگی، ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی، بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج لال، سی پی آئی ایم رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر جان بریٹاس، بی جے پی رکن پارلیمنٹ پردان بروا، ہیمانگ جوشی اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید شامل ہیں۔ اس وفد کے سفیر موہن کمار ہوں گے۔
2. شیوسینا رکن پارلیمنٹ شریکانت شندے کی قیادت والا نمائندہ وفد
شریکانت شندے کی قیادت والا نمائندہ وفد متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، لائبیریا، کانگو ریپبلک، سیئرا لیون جائے گا۔ اس گروپ میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسوری سوراج، آئی یو ایم ایل رکن پارلیمنٹ ای ٹی محمد بشیر، بی جے پی رکن پارلیمنٹ اتل گرگ، بی جے ڈی رکن پارلیمنٹ سسمت پاترا، بی جے پی رکن پارلیمنٹ منن مشرا اور سابق رکن پارلیمنٹ ایس ایس اہلووالیہ شامل ہیں۔ اس گروپ میں بطور سفیر سوجن چنائے شامل ہوں گے۔
3. ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موژی کی قیادت والا نمائندہ وفد
کنی موژی کی قیادت میں کُل جماعتی نمائندہ وفد اسپین، گریس، سلووینیا، لاتویا اور روس جائے گا۔ اس گروپ میں سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ راجیو رائے، نیشنل کانفرنس رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد، بی جے پی رکن پارلیمنٹ کیپٹن برجیش چوٹا، آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ پریم چندر گپتا، عآپ رکن پارلیمنٹ اشوک کمار متل کا نام شامل ہے۔ اس نمائندہ وفد میں سفیر کے طور پر منجیو ایس پوری اور جاوید اشرف شریک ہیں۔