سپین نے انٹرنیشنل کلچرل ایونٹ سے اسرائیل کو باہر کرنے کا مطالبہ کر دیا
7
M.U.H
20/05/2025
میڈرڈ میں ایک کانفرنس کے دوران ہسپانوی وزیراعظم "پیڈرو سانچز" نے غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یورو ورژن جیسے انٹرنیشنل کلچرل ایونٹ سے اسرائیل کو باہر کیا جائے۔ انہوں نے مقبوضۃ سرزمین میں صیہونی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ثقافت میں ڈبل اسٹینڈرڈ نہیں اپنانا چاہئے۔ مجھے نہیں لگتا کہ جب 3 سال پہلے یوکرائن پر حملے کرنے کی وجہ سے روس کو یورو ورژن ایونٹ سے دستبردار ہونے کے لئے کہا گیا تو کسی کو حیرت ہوئی تھی۔ اس بناء پر اسرائیل کو بھی ان تقریبات میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔ اسی طرح پیڈرو سانچز نے فنکاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ امن و جمہوریت کو لاحق خطرات کے سامنے اٹھ کھڑے ہوں۔
ہسپانوی وزیراعظم نے ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ثقافتی شعبے کو خاموش اور غیر جانبدار سمجھتے ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ غزہ پر صیہونی حملے کے نتیجے میں اب تک 53 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ گزشتہ سال سپین، ناروے اور آئر لینڈ نے ایک متحد فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہے۔ صیہونی رژیم نے اس اقدام کی مذمت کی۔ صیہونی رژیم نے مذکورہ یورپی ممالک کے اس اقدام کو حماس کو مستحکم کرنے سے تعبیر کیا۔ یاد رہے کہ ہسپانوی وزیراعظم نے گزشتہ اکتوبر میں ہی یورپی یونین اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار بیچنا بند کر دیں۔