مہاراشٹر: وقف قانون پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پروگرام میں سبھی سے شرکت اور ’ظلم‘ کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل
16
M.U.H
22/05/2025
مہاراشٹر کے چھترپتی شمبھاجی نگر میں مسلم پرسنل لاء بورڈ 25 مئی کو نئے وقف قانون کے معاملے پر ایک پروگرام کا انعقاد کرنے والا ہے۔ اس پروگرام میں بورڈ کے اراکین اور دیگر سیکولر تنظیمیں شرکت کریں گی۔ اس سلسلے میں چھترپتی شمبھاجی نگر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن محمد معیز الدین قاسمی نے اہم معلومات فراہم کیں۔
محمد معیز الدین قاسمی کا کہنا ہے کہ ’’اس مہینے کی 25 تاریخ کو آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا ایک پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ بورڈ کے سینئر رکن اور علاقے کے مقامی نمائندے بھی اس میں حصہ لیں گے۔ وہ اب قانون بن چکے بل کے بارے میں پوری جانکاری دیں گے۔‘‘
معیز الدین قاسمی نے بتایا کہ یہ پروگرام 25 مئی کی شام 6.00 بجے سے لے کر 10.00 بجے رات تک چلے گا۔ اس میں پورے شہر سے لوگ جڑیں گے اور تقریباً ایک لاکھ لوگوں کے اس پروگرام میں شرکت کی امید کی جا رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس پروگرام میں صرف مسلمان نہیں بلکہ انسان پسند جتنے بھی شہری ہیں، سبھی آئیں اور ’ظلم‘ کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔
اس سے قبل آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے وقف قانون پر سوال اٹھاتے ہوئے بی جے پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، ’’اتراکھنڈ میں 170 مدرسوں کو سیل کر دیا گیا۔ اتر پردیش میں 350 مذہبی مقامات کو جس میں مسجد، مدرسے، مزار اور عید گاہ ہے، اس کی سیلنگ کر دی گئی، اس پر بلڈوزر چل جائے گا۔ گجرات میں بی جے پی 1998 یعنی 25 سال سے اقتدار میں ہے، احمد آباد کے چندولا تالاب پر 30 سال سے ہندو-مسلمان ساتھ رہتے ہیں۔ 8-4 ہزار جھونپڑیوں کو توڑ دیا گیا اور کہا گیا کہ یہاں بنگلہ دیشی نکلے، یہ غریب کہاں جائیں گے۔ اس ملک میں غریب کا کیا ہوگا۔‘‘