دہلی پہنچے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، 20ویں ہند-ایران مشترکہ کمیشن کی میٹنگ میں ہوں گے شامل
17
M.U.H
08/05/2025
نئی دہلی: پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی صورتحال برقرار ہے۔ اس دوران، ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی پہلے سے طے شدہ میٹنگ میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ وہ 20ویں ہند-ایران مشترکہ کمیشن کی میٹنگ کی شریک صدارت کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی کے ہندوستان دورے کا مقصد اسٹریٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ملک بھارت ایران دوستی معاہدے کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی کا وزارت خارجہ کی طرف سے خیر مقدم کیا گیا۔ ہند-ایران مشترکہ کمیشن کجی میٹنگ کے لئے نئی دہلی پہنچنے پر وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ محکمہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی کا ہندوستان ایران مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ہند-ایران دوستی کے معاہدے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر، یہ دو طرفہ تعاون کا جائزہ لینے اور اسے بڑھانے کا ایک موقع ہے۔‘‘
دارالحکومت کے حیدرآباد ہاؤس میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں تجارت، توانائی، کنیکٹیویٹی اور علاقائی تعاون پر وسیع تبادلہ خیال ہوگا۔ اگست 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ عراقچی کا ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہند-ایران دوستی معاہدے پر دستخط کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے مشترکہ کمیشن کی میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آگے بڑھنے کے راستے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وہ راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔