ہندوستان نے امریکی اشیاء پر لگنے والے تمام ٹیکس ہٹا دیئے، صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ، حکومت ہند خاموش
26
M.U.H
07/05/2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان نے امریکہ پر عائد تمام محصولات کو ہٹا دیا ہے اور ہندوستان میں امریکی اشیاء پر کوئی ٹیرف نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے علاوہ امریکہ کی طرف سے اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔امریکہ اور ہندوستان ایک تجارتی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس کے بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے دیگر تجارتی شراکت داروں کے درمیان اعلان کیا جانے والا پہلا معاہدہ ہو سکتا ہے۔
امریکہ کے اہم مطالبات میں ٹیرف کو کم کرنا یا مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا شامل ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاکہ مثال کے طور پر، بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف رکھتا ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے اور وہ پہلے ہی اسے کم کرنے پر راضی ہو چکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے کینیڈا کے مارک کارنی کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ہندوستان اسے صفر کر دیں گے۔وہ پہلے ہی راضی ہو چکے ہیں۔
تاہم، بھارت اور امریکہ کے تجارتی معاہدے کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ تاہم ٹرمپ اپنے پچھلے دور اقتدار سے ہی اپنے مطالبات کے بارے میں کھل کر بات کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے اور اس کا اعلان فروری 2019 میں ان کے دورہ ہندوستان کے دوران کیا جانا تھا۔ تاہم، بات چیت ناکام رہی اور دونوں ممالک نے بائیڈن کے دور میں اسے آگے نہیں بڑھایا۔