آپریشن سندور کے بعد راہل گاندھی کا بیان، ’ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے‘
22
M.U.H
07/05/2025
نئی دہلی: پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہندوستانی فوجی کارروائیوں کے بعد لوک سبھا میں حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ہندوستانی فوج کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، 'ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ جے ہند!‘‘
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف پہلے دن سے سخت موقف اپناتے ہوئے راہل گاندھی نے حکومت سے اس دہشت گردانہ کارروائی کا مناسب جواب دینے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی پارٹی اس حملے کے خلاف ہر جوابی کارروائی میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
قبل ازیں، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی فوج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت قومی مفاد میں متحد ہونے کا ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’کانگریس پارٹی ملک کی مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہر فیصلہ کن قدم کی حمایت کرتی ہے۔‘‘
پہلگام میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے تناظر میں کھڑگے نے کہا کہ قوم کو متحد ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے پاک مقبوضہ کشمیر میں قائم دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں ہمارے عزم، جرأت اور دفاعی صلاحیت کی غماز ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ دہشت گردی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اس کے خلاف حکومت کو جو بھی قدم اٹھانا ہو، کانگریس اس کی تائید کرے گی۔
کھڑگے نے کہا، ’’انڈین نیشنل کانگریس فوج کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ ہمارے رہنماؤں نے ماضی میں راستہ دکھایا ہے اور ہمارے لیے قومی مفاد سب سے اوپر ہے۔‘‘
دریں اثنا، جے رام رمیش نے بھی ایکس پر لکھا، ’’پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے تمام ذرائع کو ختم کرنے کے لیے ہندوستان کے عزم میں کسی قسم کی نرمی نہیں ہونی چاہیے، اور یہ عزم ہمیشہ اعلیٰ ترین قومی مفاد میں پیوست ہونا چاہیے۔ یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کا ہے۔ 22 اپریل کی شب سے ہی انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) واضح طور پر کہہ رہی ہے کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد حکومت کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ کانگریس پارٹی اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔‘‘