یومِ عالمی فلسفہ، جو ہر سال نومبر کے تیسرے جمعرات کو یونیسکو کی جانب سے منایا جاتا ہے، اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ فلسفہ صرف ایک خشک اور انتزاعی علمی شعبہ نہیں، بلکہ ’’خردمندانہ زندگی‘‘ کا فن اور انسان و کائنات کو گہرائی سے سمجھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ یہ دن تنقیدی سوچ، تعمیری مکالمے، اور اُن بنیادی مسائل پر دوبارہ غور کی دعوت ہے جو انسانی تقدیر کو تشکیل دیتے ہیں۔
فلسفہ کی اہمیت
۱. تنقیدی اور تحلیلی فکر کی پرورش
فلسفہ ہمیں سادہ لوحی سے نجات دیتا ہے اور سوال اٹھانے، دلیل دینے اور منطقی تجزیے کی عادت پیدا کرتا ہے۔ آج کے دور میں، جہاں بے شمار، مبہم اور بعض اوقات متضاد معلومات ہر سمت سے ہم پر یلغار کرتی ہیں، یہ مہارت کوئی اضافی خوبی نہیں، بلکہ ایک حیاتی ضرورت ہے۔
۲. بنیادی سوالات سے روبرو ہونا
فلسفہ انسان کو عمیق وجودی سوالات کی طرف لے جاتا ہے:
حقیقت کیا ہے؟
معرفت کیسے ممکن ہے؟
اخلاق کس بنیاد پر قائم ہے؟
عدالت کیا ہے اور کیسے قائم ہوتی ہے؟
زندگی کا مقصد کیا ہے؟
ان سوالات کے قطعی اور حتمی جواب نہیں، مگر جواب کی تلاش ہی زندگی کو روزمرہ سطح سے اٹھا کر معنی اور بیداری کے افق تک لے جاتی ہے۔
۳. فردی و اجتماعی خود آگاہی کی تخلیق
فلسفہ نہ صرف فرد کو اپنی ذات، اقدار اور عقائد کی شناخت بخشتا ہے، بلکہ یہ ہمیں اپنی ثقافت، تاریخ اور سماجی ڈھانچوں کی گہری سمجھ بھی دیتا ہے۔ خود آگاہی، ہر انفرادی اور اجتماعی ترقی کی پہلی شرط ہے۔
۴. مادر علوم (Mother of Sciences)
تمام طبیعی اور انسانی علوم فلسفہ ہی کی آغوش میں پیدا ہوئے۔ فلاسفہ نے ہی یہ سوالات اٹھائے کہ:
طبیعت کیا ہے؟ ذہن کیسے کام کرتا ہے؟ معاشرہ کیا ہے؟ علیّت کیا ہے؟ تحقیق کا طریقہ کار اور زبان کی ماہیت کیا ہے؟
فلسفہ نے ہی سائنسی طریقۂ کار کی بنیاد رکھی۔
۵. رواداری اور بین الثقافتی مکالمے کا فروغ
فلسفہ دلیل سننے، مختلف نقطہ ہائے نظر کو سمجھنے اور گفتگو کے عقلانی آداب سکھا کر باہمی رواداری کی فضا قائم کرتا ہے؛ ایک ایسا امر جو آج کی کثیرالثقافتی اور کثیرالروایتی دنیا میں بے حد ضروری ہے۔
آج کی زندگی میں فلسفہ کے اطلاقات
۱. انفرادی زندگی میں
باشعور اور درست فیصلے
سکونِ قلب، جیسا کہ رواقیت (Stoicism) جیسے مکاتبِ فکر سے
زندگی کو معنی دینا اور فکری ہم آہنگی پیدا کرنا
۲. سماجی و سیاسی میدان میں
آزادی، مساوات اور انسانی حقوق جیسے اصولوں پر مبنی عادلانہ نظام کی تشکیل
طب، تجارت، میڈیا، ٹیکنالوجی وغیرہ میں پیشہ ورانہ اخلاقیات
۳. علم و ٹیکنالوجی میں
فلسفۂ علم: تحقیق کے طریقوں، حدود اور ذمہ داری کا تعین
ٹیکنالوجی کی اخلاقیات: مصنوعی ذہانت، جینیاتی سائنس، کلان ڈیٹا اور نئی تکنیکی تبدیلیوں کے چیلنجز کا حل
خلاصہ
فلسفہ راستہ نہیں بتاتا، مگر ’’نقشہ پڑھنے کا فن‘‘ سکھا دیتا ہے۔
یہ منزل کا تعین نہیں کرتا، مگر راستے کی سمجھ، خطرات کی پہچان اور باشعور انتخاب کی صلاحیت عطا کرتا ہے۔
فلسفہ یہ نہیں کہتا کہ کیا سوچو؛
بلکہ یہ سکھاتا ہے کہ کیسے سوچو۔
اور آج کی تیز رفتار اور پیچیدہ دنیا میں ’’سوچنے کا یہ طریقہ‘‘ وہ سرمایہ ہے جس سے نہ کوئی فرد اور نہ ہی کوئی معاشرہ بے نیاز رہ سکتا ہے۔