سی ڈی ایس کے سنگاپور انٹرویو پر تنازعہ، جے رام رمیش کا حکومت پر معلومات چھپانے کا الزام
33
M.U.H
01/06/2025
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور رکنِ پارلیمان جے رام رمیش نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان کے سنگاپور میں دیے گئے انٹرویو پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جو باتیں جنرل چوہان نے سنگاپور میں کہیں، وہ دراصل وزیرِ دفاع کو کل جماعتی اجلاسوں میں کرنی چاہیے تھیں اور ان پر باقاعدہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جانا چاہیے تھا۔
جے رام رمیش نے کہا کہ، ’’جو معلومات جنرل چوہان نے فراہم کیں، وہ نہایت اہم اور سنجیدہ نوعیت کی ہیں۔ ان کا تعلق صرف فوجی حکمتِ عملی سے نہیں بلکہ خارجہ پالیسی، معاشی اور سفارتی حکمتِ عملی سے بھی ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ ہمیں یہ سب سنگاپور سے معلوم ہوا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’وزیرِ دفاع نے دو مرتبہ آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کی، مگر اس میں ان باتوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ ہمیں سنگاپور سے سی ڈی ایس کی گفتگو کا انتظار کیوں کرنا پڑا؟ کیا یہ مادرِ جمہوریت ہونے کے دعوے کے خلاف نہیں؟‘‘
جے رام رمیش نے کہا کہ تین دن بعد کرگل جنگ ختم ہوئی تو اس وقت کے وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپئی نے فوری طور پر کرگل ریویو کمیٹی قائم کی تھی، جس کی رپورٹ نہ صرف پارلیمنٹ میں پیش کی گئی بلکہ اسے عام بھی کیا گیا۔ اس رپورٹ میں شامل ایک رکن ڈاکٹر ایس جے شنکر (موجودہ وزیرِ خارجہ) کے والد بھی تھے۔