جنگ بندی کے لئے حماس کا جواب غیر قابل قبول ہے: اسٹیو ویٹکاف
33
M.U.H
01/06/2025
امریکی صدر کے نمائندہ برائے امور مشرق وسطیٰ "اسٹیو ویٹکاف" نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لئے واشنگٹن نے ایک روڈمیپ پیش کیا۔ جس کا حماس نے غیر قابل قبول جواب دیا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اسٹیو ویٹکاف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سیز فائر کے لئے حماس کا جواب مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ اس سے صرف پرانی صورت حال ہی برقرار رہے گی۔ حماس کو اس مجوزہ فریم ورک کو قبول کرنا چاہیے جو ہم نے قریبی مذاکرات کی بنیاد کے طور پر پیش کیا اور جسے ہم اس ہفتے فوری طور پر شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم آئندہ دنوں میں 60 روزہ جنگ بندی کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب حماس نے ایک جاری بیان کے ذریعے اعلان کیا کہ ہم نے داخلی مشاورت کے بعد، امریکی ایلچی "اسٹیو ویٹکاف" کی جانب سے جنگ بندی کے لئے پیش کردہ تجاویز کا جواب، رسمی طور پر ثالثین کو ارسال کر دیا۔ حماس نے کہا کہ اُن کا یہ قدم غزہ کی پٹی میں کشیدگی میں کمی، جنگ کے خاتمے اور بھیانک جنگی تباہی کے تناظر میں انجام دیا گیا۔ حماس نے مزید کہا کہ پیش کردہ تجاویز کے تحت 10 زندہ اور 18 مردہ صیہونی قیدیوں کو تحویل میں دینے کے لئے تیار ہیں۔ جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی ایک تعداد رہائی حاصل کرے گی۔ حماس کے اس جاری بیان کے مطابق، فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لئے مذاکرات جاری ہیں اور حتمی معاہدہ طے پا رہا ہے۔