’اب گھر میں گھس کر ماریں گے‘، وزیرِ اعظم مودی کا دہشت گردوں کو دو ٹوک پیغام
47
M.U.H
31/05/2025
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھوپال سے دہشت گردوں کو سخت پیغام دیا اور ہندوستان کی ناری شکتی (قوت نسواں) کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب گھر میں گھس کر ماریں گے اور جو دہشت گردوں کی مدد کرے گا، اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی! مودی بھوپال کے جنبوری میدان میں ’لوکماتا اہلیابائی خواتین بااختیاری مہا سمیلن‘ سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیرِ اعظم نے 'آپریشن سندور' کو ہندوستان کے دفاعی اقدامات کی نئی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ صرف فوجی کارروائی نہیں بلکہ ناری شکتی کا بدلہ اور تہذیب پر حملے کا منہ توڑ جواب تھا۔ انہوں نے کہا، ’’سندور ہماری روایت ہے، ناری شکتی کا پرچم ہے۔ آج یہی سندور دہشت گردوں کے خلاف شجاعت کی علامت بن گیا ہے۔’’
انہوں نے بتایا کہ آپریشن سندور میں ہندوستانی فوج نے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا اور پاکستان جیسے ملک کو یہ اندازہ بھی نہ تھا کہ ہندوستان اتنی بڑی کارروائی کرے گا۔
وزیرِ اعظم نے عورتوں کی طاقت اور کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کے ہر بڑے اسپیس مشن میں خواتین سائنس دانوں کی نمایاں شرکت ہے۔ چندریان-3 مشن میں 100 سے زیادہ خواتین سائنس دان اور انجینئر شامل تھیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کی بیٹیاں ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اس کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کا پورا انتظام خواتین کے ہاتھ میں تھا۔ سکیورٹی، اسٹیج، ہیلی پیڈ اور کارکیٹ سمیت تمام انتظامی ذمہ داریاں خواتین افسران اور اہلکاروں نے سنبھالیں۔ صرف اتنا ہی نہیں 15,000 خواتین نے سندوری رنگ کی ساڑیوں میں وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے شہر بھر میں 'آپریشن سندور' سے متعلق پوسٹرز لگائے گئے، جب کہ ایونٹ کے آغاز میں مالوا کے روایتی گیتوں سے وزیرِ اعظم کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ موہن یادو بھی موجود تھے، جنہوں نے کہا کہ یہ پورا دورہ مہارانی اہلیابائی کو خراج اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
مودی نے نمائش میں شامل مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا اور خواتین سے بات چیت کی، ان کی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں ہندوستان کی ترقی کا اصل چہرہ قرار دیا۔