اڈیشہ ٹرین حادثہ: سی بی آئی نے درج کی ایف آئی آر، بالاسور جی آر پی تھانہ میں درج کیس کی جانچ بھی اپنے ہاتھ میں لی
247
m.u.h
07/06/2023
مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے منگل کے روز اڈیشہ کے بالاسور میں 2 جون کو ہوئے خوفناک ٹرین حادثہ کی جانچ اپنے ہاتھ میں لے لی۔ ایجنسی نے کہا کہ ٹرین حادثہ معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ساتھ ہی افسر نے بتایا کہ سی بی آئی نے پہلے سے کٹک میں بالاسور جی آر پی تھانہ میں درج معاملے کی جانچ بھی اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔ حادثے کی جانچ کے لیے سی بی آئی کی دس رکنی ایک ٹیم اڈیشہ پہنچ گئی ہے۔
سی بی آئی افسر نے کہا کہ ہم نے وزارت ریل کی گزارش پر اور اڈیشہ حکومت کے اتفاق سے بالاسور ٹرین حادثے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ حادثہ ریاست کے بہناگا بازار اسٹیشن کے پاس کورومنڈل ایکسپریس، یشونت پور-ہوڑہ ایکسپریس اور ایک مال گاڑی کے درمیان ہوئی شدید ٹکر سے متعلق ہے۔ اڈیشہ کے بالاسور میں سی بی آئی کی ایک ٹیم پہلے سے ہی موجود ہے۔
اتوار کو ریلوے بورڈ نے اڈیشہ کے بالاسور ٹرین حادثے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کی سفارش کی تھی۔ مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے اتوار کو کہا تھا کہ حالات اور انتظامیہ سے ملی جانکاری کو دیکھتے ہوئے ریلوے بورڈ آگے کی جانچ کے لیے سی بی آئی جانچ کی سفارش کر رہا ہے۔ ریل حادثہ کے بعد سے وزیر ریل اشونی ویشنو اپوزیشن پارٹیوں کے نشانے پر ہیں۔ انھوں نے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اڈیشہ کے بالاسور ضلع کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے پاس جمعہ کی شام کو پوری رفتار سے گزر رہی کورومنڈل ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس سے ٹرین کی کئی بوگیاں پلٹ گئیں اور کچھ بوگیاں دوسرے ٹریک سے پار کر رہی یشونت پور-ہوڑہ ایکسپریس سے جا ٹکرائیں۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ بوگیاں چیرتے ہوئے ایک دوسرے میں سما گئی تھیں۔ اس ٹرین حادثہ میں کم از کم 275 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 1000 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔