پاکستان کے ریڈار نظام کو تباہ کر دیا گیا: وزارتِ خارجہ کی پریس کانفرنس
15
M.U.H
09/05/2025
نئی دہلی: جمعرات کو ہندوستان نے پاکستان کی جانب سے ہونے والے حملوں کے جواب میں ایک مؤثر کارروائی کی، جس کی تفصیلات وزارتِ خارجہ کی ایک اہم پریس کانفرنس میں بتائی گئیں۔ اس کانفرنس میں کرنل صوفیہ قریشی، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور خارجہ سیکرٹری وکرم مسری شریک ہوئے۔
کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ: پاکستان نے 7 اور 8 مئی کو ہندوستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں کئی ٹھکانوں کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ہندوستانی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔ یہ واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان نے ہندوستانی علاقوں پر حملے کیے۔
جوابی کارروائی کے بارے میں بتاتے ہوئے کرنل صوفیہ نے کہا: ہندوستان نے آپریشن سیندور کے تحت پاکستان کے کسی فوجی اڈے کو نشانہ نہیں بنایا، بلکہ صرف دفاعی نظام کو بے اثر کیا گیا۔ لاہور میں پاکستان کا ایک فضائی دفاعی نظام ناکارہ کر دیا گیا۔ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی افواج نے گولہ باری تیز کر دی ہے، جس کے نتیجے میں 15 ہندوستانی شہری جاں بحق ہوئے۔ خارجہ سیکرٹری وکرم مسری نے کہا: پاکستان کے ریڈار نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کا ہندوستانی فوج نے فوری اور سخت جواب دیا۔
وکرم مسری نے مزید کہا: پاکستان کے وزراء خود تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے تعلقات دہشت گرد تنظیموں سے ہیں۔ پاکستان، پہلگام حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے، لیکن ہمیں اس ملک کی تاریخ کا بخوبی علم ہے۔ ہم نے ممبئی، پلوامہ اور پٹھان کوٹ حملوں کے پختہ شواہد بھی فراہم کیے تھے، مگر پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردوں کو تحفظ دیا۔
وکرم مسری نے انکشاف کیا کہ: پاکستان نے ہندوستان کے پونچھ علاقے میں ایک سکھ گردوارے پر حملہ کیا۔ اس واقعے میں سکھ برادری کے تین افراد جاں بحق ہوئے۔ ہندوستان نے اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ پریس کانفرنس ہندوستان کی دفاعی حکمت عملی اور پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت ہے۔