پاکستان نے ہندوستان کے کئی شہروں پر داغے میزائل، حملے کو ہندوستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے بنایا ناکام
17
M.U.H
09/05/2025
پاکستان نے دیر شام ہندوستان کے کئی سرحدی علاقوں پر ایک ساتھ میزائلوں اور ڈرون سے حملے کی کوشش کی۔ ہیڈکوارٹر انٹگریٹیڈ ڈیفنس اسٹاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب جموں، پٹھان کوٹ اور اودھم پور کے فوجی اسٹیشنوں کو پاکستان کے ذریعہ میزائلوں اور ڈرون کا استعمال کر کے نشانہ بنایا گیا۔ کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘‘ ساتھ ہی اس پوسٹ میں یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ ’’ہندوستانی مسلح افواج نے ایس او پی کے مطابق کائنیٹک اور نان کائنیٹک وسائل سے خطرے کو بے اثر کر دیا۔‘‘
اس درمیان دفاعی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے ستواری (جموں ہوائی اڈہ)، سانبا، آر ایس پورہ اور ارنیا پر داغی گئی آٹھ میزائلوں کو کامیابی کے ساتھ ناکام کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ جموں و کشمیر سے لے کر پنجاب اور راجستھان تک کئی شہروں میں پاکستانی ڈرون اور ممکنہ میزائلیں بھی دیکھی گئی ہیں، جنھیں ہندوستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام کر دیا ہے۔ تازہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے جموں و کشمیر، پنجاب، گجرات، ہماچل پردیش اور راجستھان کے کئی شہروں میں مکمل بلیک آؤٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جموں شہر میں جمعرات کی دیر شام دھماکے کی آوازیں سنائی دینے کے بعد دہشت پھیل گئی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے یہاں سخت سیکورٹی والے ہوائی اڈہ کے پاس پاکستانی ڈرون تباہ کر دیا۔ حالانکہ ابھی یہ معلوم نہیں چل پایا ہے کہ ہوائی اڈے پر حملہ ہوا ہے یا نہیں۔ اس ہوائی اڈے پر ہندوستانی فضائیہ کا اسٹیشن بھی واقع ہے۔ ہوائی اڈے کے آس پاس دو طاقتور دھماکوں کی آواز سنائی دینے کے فوراً بعد جموں میں بجلی کاٹ دی گئی جس سے ہر طرف تاریکی چھا گئی۔ افسران نے بتایا کہ جوابی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ہندوستان کے اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعہ کچھ پاکستانی ڈرون کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق ہوائی اڈہ کے باہر ایک ڈرون کو گرتے ہوئے دیکھا گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق تازہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہماچل پردیش کے دھرمشالہ سمیت کئی شہروں میں بھی بلیک آؤٹ کر دیا گیا ہے۔ شہر میں تاریکی پھیلنے کے سبب پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلے جا رہے آئی پی ایل میچ کو درمیان میں ہی روک کر رد کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس سے قبل جموں و دیگر علاقوں میں پاکستان کی طرف سے حملے کی خبر آتے ہی میچ روک دیا گیا تھا۔ پنجاب کی ٹیم 10.1 اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر 122 رن بنا چکی تھی۔ جب لائٹ چلی گئی اور کھیل رک گیا تو اس کی وجہ ’فلڈ لائٹ‘ کی خرابی بتائی گئی تھی۔ لیکن بعد میں ٹیموں اور ناظرین کو ان کی سیکورٹی کے لیے اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔