شیعوں اور شیعی مقدسات پر ہورہے حملوں میں اسرائیلی ایجنٹ ملوث ہوسکتے ہیں :مولاناکلب جوادنقوی
5
M.U.H
20/02/2026
لکھنؤ ۲۰ فروری: مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولاناسید کلب جوادنقوی نے حال ہی میں مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں پولیس کے ذریعہ امام باڑے کی بے حرمتی اور فرخ آباد میں روضۂ مولاعلیؑ پر ہوئے حملے اور آتش زنی کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو ناقابل قبول قراردیا۔انہوں نے کہاکہ بھوپال اور فرخ آباد میں جس طرح شیعی مقدسات کی توہین کی گئی اور شیعوں کو نفرت کا نشانہ بنایاگیاہم اس کی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں پہلے ایساکبھی نہیں ہوا۔ہندوستان میں ہندومسلم فسادات بہت ہوئے مگر کبھی کسی فساد میں شیعوں کو منصوبہ بند طریقے سے نشانہ نہیں بنایاگیا۔ایساپہلی بار ہورہاہے کہ شیعوں اور شیعی مقدس مقامات کو منظم طریقے سے نشانہ بنایاجارہاہے جس پر مدھیہ پردیش اور اترپردیش سرکارکو سخت کاروائی کرنی چاہیے ۔
مولانانے کہاکہ ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ان واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ کروائی جائے اور مجرموں کو سزادی جائے ۔مولانانے مزید کہاکہ ہندوستان میں بھی اسرائیلی ایجنٹ موجود ہیں جو ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔کیونکہ اس سے پہلے ایساکبھی شیعوں کے ساتھ نہیں ہوا۔یقیناًیہ اسرائیلی ایجنٹ ہیں جو شیعوں کے مقدسات کو نشانہ بنارہے ہیں ۔کیونکہ پوری دنیا میں صرف شیعہ ہی ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کررہے ہیں ۔لہذا یہ ایران کی حمایت اور امریکہ اور اسرائیل کی دشمنی کا بدلہ ہندوستان میں ہم سے لیاجارہاہے جس میں اسرائیلی ایجنٹ شامل ہیں۔مولانانے کہاکہ حکومت ان واقعات کی جانچ کروائے اور مجرموں کو سخت سزادی جائے تاکہ شرپسندوں کو دوبارہ ایساکرنے کی جرأت نہ ہو۔