امریکہ، یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے پر ہندوستان سرگرمی سے گفتگو کر رہا ہے: گوئل
6
M.U.H
28/11/2025
نئی دہلی: وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اس وقت امریکہ اور یورپی یونین سمیت کئی تجارتی شراکت داروں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (FTA) پر بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستا ن ان معاہدوں کے ذریعے اپنے قابلِ اعتماد تجارتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
وزیر نے کہا، ’’ہم سب نے دیکھا ہے کہ تجارت کس طرح ایک ہتھیار بن جاتی ہے۔ ہم سب نے دنیا بھر میں قابلِ اعتماد شراکت داروں کی اہمیت دیکھی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ بھارت اس وقت مختلف ممالک اور تقریباً 50 ملکی گروپوں سے بات چیت کر رہا ہے۔
بھارت عمان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر گفتگو کر رہا ہے، اور بحرین و قطر بھی اس عمل میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی تعاون کونسل (GCC) سے بھی بات چیت جاری ہے۔ وزیر نے یہاں صنعت چیمبر ’فکّی‘ کی سالانہ عام میٹنگ میں کہا، ’’چھ ممالک کا پورا گروپ اس میں شامل ہونا چاہے گا۔ ہم نیوزی لینڈ سے بات کر رہے ہیں… ہم امریکہ اور 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کے ساتھ سرگرمی سے مذاکرات کر رہے ہیں۔‘‘
ملک آسیان اور جنوبی کوریا کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (FTA) کا بھی جائزہ لے رہا ہے تاکہ ان میں زیادہ توازن لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم EAEU (یوریشیائی اقتصادی یونین) کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں جس نے کل یا پرسوں ہی بات چیت شروع کی ہے۔ ہم اسرائیل کے ساتھ بھی جلد بات چیت شروع کرنے کے یکساں طور پر پابند ہیں۔
کینیڈا اور بھارت جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (CEPA) پر غور کر رہے ہیں اور اگلے ہفتے اس پر مذاکرات شروع ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کسٹمز یونین (SACU) اور مرکوسور گروپ (جنوبی امریکہ کا علاقائی تجارتی گروپ) بھی بھارت سے بات چیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔