آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، ایرانی جوہری تنصیبات پر صہیونی حملے کی مذمت
25
M.U.H
16/06/2025
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں 11 رکن ممالک نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور IAEA کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
رکن ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عالمی ایجنسی کی زیرنگرانی ایران کی ان پرامن جوہری تنصیبات پر اسرائیل کے حملے نہ صرف بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں بلکہ اس جارحیت کی وجہ سے جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
بیان پر دستخط کرنے والے ممالک میں روس، چین، پاکستان، عراق، بیلاروس، برکینافاسو، کیوبا، انڈونیشیا، نکاراگوئے، وینزویلا اور ایران شامل ہیں۔
رکن ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی پرامن جوہری تنصیب پر مسلح حملہ یا حملے کی دھمکی اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، اور IAEA کے قواعد کو پامال کرتی ہے۔
رکن ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور IAEA کے ڈائریکٹر جنرل سے مطالبہ کیا کہ ایسے حملوں کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی جارحیت کی تکرار نہ ہو۔