وزیر اعظم مودی نے کیا دنیا کے سب سے اونچے ’چناب ریل پل‘ کا افتتاح
22
M.U.H
06/06/2025
جموں و کشمیر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز دنیا کے سب سے اونچے ’چناب ریل پل‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر اشونی ویشنو اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی وزیر اعظم کے ساتھ موجود تھے۔ وزیر اعظم نے پل پر چہل قدمی کی، ترنگا لہرایا اور اس پل کو قوم کے نام وقف کیا۔
اس تقریب سے قبل وزیر اعظم نے پل کا معائنہ کیا اور ریلوے بورڈ کے سی ای او ستیش کمار سے تفصیلات حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے اودھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے لنک پروجیکٹ کی ٹیم سے بھی گفتگو کی اور انہیں اس عظیم الشان کارنامے پر مبارکباد دی۔
چناب ریل پل دنیا کا سب سے اونچا ریلوے آرچ پل ہے، جو دریائے چناب پر 359 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ پیرس کے مشہور ایفل ٹاور سے 35 میٹر اور دہلی کے قطب مینار سے تقریباً 287 میٹر اونچا ہے۔ پل کی لمبائی 1315 میٹر ہے اور یہ اودھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے لنک پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کی مجموعی لمبائی 272 کلومیٹر ہے۔
اس پل کی تعمیر پر تقریباً 1486 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور اسے 266 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کو برداشت کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن نہ صرف تکنیکی لحاظ سے حیران کن ہے بلکہ یہ زلزلے اور منفی درجہ حرارت جیسے سخت موسمی حالات کا بھی مقابلہ کر سکتا ہے۔