مودی حکومت سے پہلے پاکستان کو کبھی بھی مناسب جواب نہیں دیا گیا: امت شاہ
20
M.U.H
23/05/2025
جمعہ کے روز وزیر داخلہ امت شاہ دہلی میں بی ایس ایف جوانوں کے درمیان پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے "آپریشن سندور" کے حوالے سے گفتگو کی۔ امت شاہ نے کہا کہ پوری دنیا میں آپریشن سندور کا چرچا ہے، ہم نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ ہم اب تک دفاعی ردعمل دیتے رہے، لیکن پہلی بار اڑی دہشت گرد حملے کا جواب ہم نے پاکستان میں گھس کر دیا۔ اڑی سے بھی زیادہ سخت جواب ہم نے بالاکوٹ میں دے کر دیا۔ آپریشن سندور میں بھی ہم نے مضبوط اور مؤثر جواب دیا۔
مودی حکومت کا تذکرہ کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت سے پہلے پاکستان کو کبھی مناسب جواب نہیں دیا گیا۔ کئی دہائیوں سے ہندوستان، پاکستان کی پشت پناہی والے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ پاکستان نے سالوں تک کئی دہشت گردانہ کارروائیاں کیں لیکن ان پر سخت کاروائی نہیں کی گئی۔ سال 2014 میں جب نریندر مودی وزیراعظم بنے اور بی جے پی کی قیادت میں حکومت بنی، تب اڑی حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں گھس کر پہلی بار سرجیکل اسٹرائیک کی اور مناسب جواب دیا۔
آپریشن سندور کی کامیابی
امت شاہ نے بتایا کہ 8 مئی کو دو بڑے دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ ہم نے نہ تو کسی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا اور نہ ہی کسی ایئربیس کو چھوا، صرف دہشت گردی کے مراکز پر حملہ کیا۔ لیکن پاکستان نے یہ ثابت کر دیا کہ دہشت گردی پر کیا گیا حملہ دراصل ان کی فوج پر حملہ سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان نے ہماری اس کاروائی کے جواب میں فوجی کارروائی کی، جس کے بعد ہم نے 9 مئی کو ان کے ایئربیس کو تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن سندور ہمارے وزیراعظم کی مضبوط سیاسی قوتِ ارادی، ہماری خفیہ ایجنسیوں کی درست معلومات اور ہماری فوج کی زبردست حملہ آور صلاحیت کا بہترین امتزاج ہے۔ جب یہ تینوں قوتیں ایک ساتھ آتی ہیں تبھی آپریشن سندور جیسی کامیابی ممکن ہوتی ہے۔‘
دنیا میں دہشت گردی، پاکستان کی پشت پناہی سے
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ دنیا میں ہونے والی دہشت گردی اسی کی پشت پناہی سے ہوتی ہے۔ جس طرح پاکستان کی فوج کے افسران دہشت گردوں کے جنازے میں شریک ہوئے، وہ دنیا کے سامنے ایک ثبوت ہے۔ ہم نے پاکستان میں 100 کلومیٹر اندر گھس کر جو کارروائی کی، اس پر پورے ملک کو اپنی فوج پر فخر ہے۔ جب تک بی ایس ایف ہے، پاکستان کی فوج ہندوستان کی سرزمین پر ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھ سکتی، یہ ملک کا بھروسہ ہے۔
پہلگام میں ظلم کی انتہا کی گئی
پلوامہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے ایئر اسٹرائیک کے ذریعے زبردست جواب دیا۔ اس کے بعد پہلگام میں معصوم لوگوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔ اس وقت وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ اس کا مناسب جواب دیا جائے گا، اور آپریشن سندور اسی کا جواب ہے۔ آج پوری دنیا ہماری فوج کی بہادری کی تعریف کر رہی ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ ’’آپریشن سندور ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی تاریخ میں سب سے درست اور تمام مقاصد کو حاصل کرنے والا آپریشن تھا۔‘‘ انہوں نے بی ایس ایف کے شہید جوانوں کو یاد کیا اور کہا، ’’اس آپریشن میں امتیاز احمد اور دیپک چنگکھم نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے قربانی دی۔ میں ان سبھی کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں اور خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔