یمن کی جانب سے غاصب اسرائیل کے فضائی محاصرے کا اعلان
15
M.U.H
05/05/2025
یمنی مسلح افواج نے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے خلاف مکمل ہوائی محاصرے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غاصب اسرائیلی رژیم کی جارحیت میں اضافے اور غزہ کے خلاف جارحانہ زمینی کارروائیوں میں توسیع پر مبنی تل ابیب کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے خلاف مکمل ہوائی محاصرے کا اعلان کیا ہے۔ اس بارے جاری ہونے والے اپنے بیان میں بریگیڈیئر جنرل يحیی السریع نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ہوائی محاصرے کا اسرائیلی ہوائی اڈوں پر بار بار حملوں کے ذریعے نفاذ کیا جائے گا جبکہ اس محاصرے میں اللد (Lod) ہوائی اڈہ کہ جسے اسرائیل میں بن گورین ایئرپورٹ بھی کہا جاتا ہے، سر فہرست ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تمام بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بیان کو اس کے اعلان و اشاعت کے وقت سے مدنظر رکھیں اور اپنے طیاروں و اہلکاروں کی سلامتی و حفاظت کی خاطر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں واقع ہوائی اڈوں کے لئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ آزاد، خود مختار و عزیز یمن جارحیت کے اس تسلسل کو کبھی قبول نہیں کرے گا جو غاصب اسرائیلی دشمن نے لبنان و شام جیسے عرب ممالک پر اپنے انسانیت سوز حملوں کے ذریعے مسلط کر رکھی ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ محاذ آرائی سے خوفزدہ نہیں اور نہ ہی اپنے ہتھیار ڈالے گی!