نشی کانت دوبے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر غور نہیں کرے گی عدالت عظمیٰ
18
M.U.H
05/05/2025
بی جے پی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے ملک میں خانہ جنگی کی صورت حال پیدا کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے متنازعہ تبصرہ کیا تھاجس کے خلاف عدالت میں توہین عدالت کی عرضی پیش کی گئی تھی تاکہ نشی کانت دوبے کے خلاف کارروائی کی جاسکے، البتہ سپریم کورٹ نے اس درخواست پر غور کرنے سے آج انکار کردیا ہے ۔سپریم کورٹ نےآج کہا کہ وہ اس مفاد عامہ کی عرضی پر غور نہیں کرے گی جس میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے خلاف سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف انڈیاسنجیو کھنہ کے خلاف ان کے تبصرے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بھار ت ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، سی جے آئی سنجیو کھنہ اور جسٹس پی وی سنجے کمار کی بنچ نے کہا کہ اس کے بعد وہ اس معاملے میں معقول حکم جاری کرے گی۔درخواست گزار وشال تیواری نے کہا کہ ادارے کے وقار کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔ یہ اس طرح نہیں چل سکتا۔ اس سے قبل عدالت نے دہلی جوڈیشل سروسز کیس کا نوٹس لیا تھا۔آج چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے نشی کانت دوبے معاملے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مختصر حکم جاری کریں گے۔ ہم آپ کو کچھ وجوہات بتائیں گے۔ ہم اس پر غور نہیں کریں گے لیکن مختصر حکم دیں گے۔
آپ کو بتا دیں، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں تمام خانہ جنگیوں کے ذمہ دار سی جے آئی سنجیو کھنہ ہیں۔ یہ تبصرہ چیف جسٹس کی زیرقیادت بنچ نے حال ہی میں نافذ کردہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کے چند نکات پر روک لگانے کی تجویز کے بعد کیا ہے۔تیواری کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوبے کا انٹرویو عدلیہ اور سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز مواد سے بھرا ہوا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایسی کارروائیاں انڈین جسٹس کوڈ کی دفعہ 15 اور توہین عدالت ایکٹ 1971 کے تحت قابل سزا جرم ہیں۔اس دوران یہ دلیل دی گئی کہ سیاسی جماعتیں اور رہنما نفرت انگیز تقاریر اور اشتعال انگیز تبصرے پر عدلیہ اور ججوں کو بھی نہیں بخشتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے دوبے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ اسی معاملے پر دوبے کے خلاف توہین عدالت کی ایک اور درخواست بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔