مقامی میڈیا نے یمن کے مختلف صوبوں پر امریکی و برطانوی جنگی طیاروں کے لگاتار 21 حملوں کی اطلاع دی ہے۔ یمنی وزارت صحت کے مطابق صنعا کے مشرق میں واقع الاربعين اسٹریٹ پر ہونے والے امریکی ہوائی حملے میں کم از کم 14 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی جارحیت پسندوں نے وسطی یمن کے صوبے مأرب کے علاقے رغوان پر بھی 2 حملے کئے ہیں جبکہ صوبہ الجوف کے علاقے الشعف کو 3، جنوب مغربی الجوف میں واقع عطان کے علاقے کو 2، صوبہ صنعا کے علاقے بنی مطر کو 6 اور صوبہ صعدہ سمیت مشرقی یمن کے دیگر علاقوں کو 8 مرتبہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غیور یمنی قوم نے غزہ میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے خلاف عملی قدم اٹھاتے ہوئے بحیرہ احمر اور اس کے ملحقہ پانیوں میں غاصب صیہونی رژیم اور اس کے ساتھ منسلک تمام بحری جہازوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسرائیلی رژیم کے سمندری محاصرے کا اعلان کیا تھا جس کے مقابلے میں سفاک اسرائیلی بحری جہازوں کے تحفظ کے لئے امریکہ و برطانیہ کی جانب سے یمن کے خلاف شروع ہونے والا ہوائی حملوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اس بارے امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کا گزشتہ روز ہی کہنا تھا کہ یمن کے خلاف حملے جاری رہیں گے۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ اب تک حوثیوں کے خلاف 1 ہزار سے زائد حملے انجام دے چکا ہے اور یہ کہ ہم اسرائیلی حکومت کے ساتھ قریبی ہم آہنگی جاری رکھیں گے!