برطانیہ میں اسرائیلی وزیر خارجہ کی گرفتاری کی درخواست
93
M.U.H
17/04/2025
ایک فلسطینیوں کی حامی قانونی تنظیم نے صہیونی حکومت کے وزیر خارجہ کی گرفتاری کی درخواست، جو اس وقت لندن میں موجود ہیں، برطانوی عدالتی حکام کو پیش کی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق، فلسطینی عوام کی حامی ایک قانونی تنظیم نے اسرائیلی وزیر خارجہ گدعون ساعر کی لندن میں موجودگی کے دوران ان کی گرفتاری کی باضابطہ درخواست برطانوی عدالتی حکام کو پیش کی ہے۔ بدھ کی شام، ہند رجب فاؤنڈیشن جو فلسطینیوں کے حقوق کی حامی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل کے وزیر خارجہ کے خلاف غزہ میں عام شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں گرفتاری کی درخواست دی ہے۔
گدعون ساعر اس وقت لندن میں موجود ہیں۔ اس قانونی تنظیم نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ یہ درخواست عالمی نیٹ ورک برائے قانونی اقدام (GLAN) اور متعدد ڈاکٹروں کی حمایت سے برطانیہ کے اٹارنی جنرل اور پبلک پراسیکیوشن آفس کو بھیجی گئی ہے، تاکہ ان کے خلاف گرفتاری کا حکم جاری کیا جا سکے۔ ہند رجب فاؤنڈیشن نے تاکید کی کہ گدعون ساعر، جو اسرائیلی سیکورٹی کابینہ کے رکن اور غزہ جنگ سے متعلق فیصلوں میں شامل ہیں، کے خلاف فوری گرفتاری کے لیے قانونی کوششیں جاری ہیں۔
تنظیم کے مطابق، ساعر پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے کمال عدوان اسپتال کا محاصرہ کروایا، جس کے نتیجے میں اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ہند رجب فاؤنڈیشن کا مقصد اسرائیلی حکومت کی سزا سے بچاؤ کی روایت کو توڑنا اور ہند رجب و دیگر شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ہے۔