امریکہ نے حزب الله کے خلاف مزید پابندیاں عائد کردیں
5
M.U.H
30/06/2026
آج ایک بیان میں امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا کہ TFTC کے رکن ممالک نے 5 اداروں اور 16 افراد سمیت لبنان کی مقاومتی تحریک حزب الله کے بنیادی مالیاتی ڈھانچے پر پابندیاں عائد کر دیں۔ واضح رہے کہ TFTC ایک ایسا ادارہ ہے جو رکن ممالک کے درمیان مالی پابندیوں کو ہم آہنگ کرتا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں حزب الله سے منسلک بڑے مالیاتی اداروں "القرض الحسن"، "بیت المال" اور ان دو اداروں سے وابستہ سینئر اہلکاروں کے خلاف ہیں۔ نامزد کردہ اداروں میں اکاؤنٹنگ، اسٹڈیز کے ماہرین کا دفتر، سہولت کار کمپنی اور آڈیٹنگ فرم بھی شامل ہیں جو ابراہیم ظاہر کی ملکیت ہے۔
پابندیوں کا نشانہ بننے والے افراد میں ابراہیم علی ظاہر، عادل محمد منصور، احمد محمد یزبک اور دیگر شامل ہیں۔ دوسری جانب حزب الله نے کہا کہ حالیہ امریکی پابندیوں کا مقصد، لبنانی عوام کو خوفزدہ کرنا اور صیہونی جارحیت کی حمایت کرنا ہے۔ حزب الله سے وابستہ سیاسی دھڑے الوفا للمقاومۃ کے پارلیمانی رکن "حسن عز الدین" نے ایک بیان میں اس بات کا اظہار کیا کہ ہمارے لئے امریکی پابندیاں کوئی نئی بات نہیں اور نہ ہی ہم ان سے خوفزدہ ہیں۔ حسن عز الدین نے ان خیالات كا اظہار الجزیره سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں میں لبنان کے سیکورٹی اداروں کے کچھ افسران بھی شامل ہیں جس کا مقصد انہیں خوفزدہ اور امریکی اطاعت پر مجبور کرنا ہے۔