جمہوریہ آذربائیجان کی سرزمین سے ایران پر حملے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے:باکو
33
M.U.H
30/01/2026
جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی سنگین تشویش کا باعث ہے۔ آذربائیجانی وزارت خارجہ کے مطابق، حیجون بایراموف نے اس گفتگو میں تاکید کی کہ باکو نے ہمیشہ تمام فریقوں کی جانب سے تحمل اور ایسے اقدامات و زبان سے اجتناب کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ جو ایران اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے تنازعات کو صرف اور صرف مذاکرات و سفارتی ذرائع سے اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے دائرے میں حل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر برائے سفارتی امور انور قرقاش نے بھی اعلان کیا تھا کہ ایران ایک ہمسایہ ملک ہے اور عرب ممالک نے اجتماعی طور پر اعلان کر رکھا ہے کہ ان کی سرزمین، ہوائی اڈے اور تنصیبات، ایران پر حملے کے لئے ہرگز استعمال نہ ہوں گے۔