صدرمرمو ،پی ایم مودی نے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا
27
M.U.H
30/01/2026
نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز مہاتما گاندھی کی 78ویں برسی کے موقع پر راج گھاٹ اسمارک پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی مرکزی وزراء نے بھی راج گھاٹ اسمارک پہنچ کر قوم کے باپ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وہاں موجود معززین نے راشٹرپتا کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اسمارک مقام پر منعقدہ ایک ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع میں گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن ’’رگھوپتی راگھو راجا رام‘‘ سمیت کئی بھکتی گیت گائے گئے۔ جبکہ سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز بھارت کے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدینِ آزادی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
مجاہدینِ آزادی کے احترام میں سپریم کورٹ کی تمام بنچیں صبح 10 بج کر 59 منٹ پر کھڑی ہوئیں اور دو منٹ تک خاموشی اختیار کی۔ اس کے بعد تمام بنچوں نے دوبارہ عدالتی کارروائی شروع کی۔ مہاتما گاندھی کی برسی 30 جنوری کو یومِ شہداء کے طور پر منائی جاتی ہے۔
سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ایک سرکلر کے مطابق، ججوں اور وکلاء نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چند لمحات کی خاموشی اختیار کی۔ موہن داس کرم چند گاندھی، جو مہاتما گاندھی کے نام سے جانے جاتے ہیں، برطانوی اقتدار سے بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں ایک اہم شخصیت تھے۔ 30 جنوری 1948 کو دہلی میں ناتھورام گوڈسے نے ان کا قتل کر دیا تھا۔