’میں نے اپنی مدت کار میں بہت کچھ سیکھا‘، جگدیپ دھنکھڑ نے نائب صدر کے عہدہ سے اچانک دیا استعفیٰ
24
M.U.H
22/07/2025
ہندوستان کے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے آج اچانک اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے اس کے پیچھے کی وجہ خرابیٔ صحت بتائی ہے۔ نائب صدر نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے نام بھیجے گئے خط میں لکھا ہے کہ ’’اپنی صحت کو ترجیح دینے اور ڈاکٹروں کے مشورہ پر ٹھیک طرح عمل کرنے کے لیے میں آئین کے آرٹیکل 67(اے) کے مطابق فوری اثر سے ہندوستان کے نائب صدر عہدہ سے استعفیٰ دیتا ہوں۔‘‘
صدر جمہوریہ کو تحریر کردہ خط میں جگدیپ دھنکھڑ نے کچھ اہم باتیں بھی لکھی ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں ملک کی صدر کے تئیں ان کی اٹوٹ حمایت اور میری مدت کار کے دوران ہمارے درمیان بنے خوش کن و حیرت انگیز امور پر مبنی روابط کے لیے دل کی گہرائیوں سے اظہارِ شکر کرتا ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں وزیر اعظم اور وزارتی کونسل کے تئیں اپنے گہرے تشکر کا اظہار کرتا ہوں۔ وزیر اعظم کی حمایت بیش قیمتی رہی۔ میں نے اپنی مدت کار کے دوران بہت کچھ سیکھا ہے۔‘‘
اس خط میں جگدیپ دھنکھڑ سبھی اراکین پارلیمنٹ سے اپنے لگاؤ کا ذکر کیے بغیر نہیں رہتے۔ وہ لکھتے ہیں کہ سبھی اراکین پارلیمنٹ سے مجھے جو گرمجوشی، بھروسہ اور پیار ملا ہے، وہ ہمیشہ میری یادوں میں محفوظ رہے گا۔ میں ملک کی عظیم جمہوریت میں نائب صدر کی شکل میں حاصل بیش قیمتی تجربات اور بصیرت کے لیے تہہ دل سے مشکور ہوں۔ اس اہم مدت کار کے دوران ملک کی معاشی رفتار اور مثالی ترقی کو دیکھنا اور اس میں حصہ لینا میرے لیے خوش قسمتی و اطمینان کی بات رہی ہے۔
اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیتے ہوئے جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ ملک کی تاریخ کے اس تبدیلی والے دور میں خدمت کرنا میرے لیے ایک حقیقی احترام رہا ہے۔ اس باوقار عہدہ سے وداع لیتے ہوئے میں ہندوستان کے عالمی عروج اور مثالی حصولیابیوں پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ اس کے روشن مستقبل میں اٹوٹ امید رکھتا ہوں۔