آئی آئی ٹی ممبئی نے ترک یونیورسٹیوں سے معاہدے معطل کئے
6
M.U.H
18/05/2025
ممبئی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیشِ نظر، ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے بعد، انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) ممبئی نے ترکیہ کی جامعات کے ساتھ تمام معاہدے معطل کر دیے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا: ترکیہ سے متعلق موجودہ جیوپولیٹیکل صورتحال کے پیش نظر، آئی آئی ٹی ممبئی ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ اپنے معاہدوں کو اگلے نوٹس تک معطل کرنے کے عمل میں ہے۔ آئی آئی ٹی ممبئی اور ترکیہ کے کچھ اداروں کے درمیان فیکلٹی ایکسچینج پروگرام (اساتذہ کے تبادلے کا پروگرام) سے متعلق معاہدہ تھا۔
یہ فیصلہ آپریشن سندور کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے، آئی آئی ٹی روڑکی نے بھی ترکیہ کی اینونو یونیورسٹی کے ساتھ کیا گیا معاہدہ باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا تھا۔
آئی آئی ٹی روڑکی نے 'ایکس' پر لکھا تھا:ادارہ عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے، جو اس کی تعلیمی ترجیحات کی عکاسی کرے اور قومی مفاد کا تحفظ کرے۔ اسی طرح، چندی گڑھ یونیورسٹی جیسے نجی اداروں نے بھی ترکیہ اور آذربائیجان کی 23 جامعات کے ساتھ اپنے تعلیمی تعاون کو ختم کر دیا ہے۔