دمشق سمیت شام کے متعدد علاقوں پر غاصب اسرائیل کے وسیع ہوائی حملے
15
M.U.H
03/05/2025
شامی سرزمین پر غاصب اسرائیلی رژیم کے وحشیانہ ہوائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب اسرائیلی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے اپنی تازہ جارحیت میں شام کے مغربی صوبے لاذقیہ کے علاقے الشعرہ کو نشانہ بنایا ہے۔ بعد ازاں دارالحکومت دمشق میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے ساتھ ساتھ دمشق کے مضافات میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی وسیع پروازوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ عرب چینل الجزیرہ کے مطابق ان حملوں کے باعث دمشق شہر میں 2 دھماکے بھی ہوئے جبکہ مزید 6 ہوائی حملوں میں دارالحکومت کے متعدد نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
المیادین نے بھی مقامی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس دوران لاذقیہ کے نواحی علاقے الشعرہ پر بھی ہوائی حملے کئے گئے اور بعد ازاں دمشق کے نواحی علاقوں پر اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی شدید پروازوں کی اطلاعات ملی ہیں جس کے ساتھ ہی دمشق میں متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق شامی سرزمین پر غاصب صیہونی رژیم کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے وحشیانہ بمباری کا نشانہ بننے والے علاقوں میں؛ دمشق کا نواحی علاقوں حرستا، حرستا ملٹری ہسپتال کا قریبی علاقہ، درعا کا شمالی نواحی علاقہ مثبین، درعا کا نواحی علاقہ ازرع اور صوبہ لاذقیہ میں جبل الشعرہ کے علاقے میں واقع ایک متروک شدہ ہوائی دفاعی بٹالین بھی شامل ہے۔