جموں و کشمیر وقف بورڈ نے پہلگام کے ہیرو عادل کے بھائی کو دی ملازمت
21
M.U.H
02/05/2025
جموں و کشمیر وقف بورڈ نے پہلگام دہشت گرد حملے کے ہیرو سید عادل حسین شاہ کے خاندان کی مدد کے لیے قدم اٹھایا ہے، جو اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے۔جمعرات کے روز جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے پہلگام کے سید عادل حسین شاہ کے بھائی کو تقرری نامہ (اپائنٹمنٹ لیٹر) دیا۔ عادل 22 اپریل کو بائیسارن علاقے میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران ان سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہو گئے تھے۔
ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ عادل کی قربانی کے اعتراف میں ان کے قریبی رشتہ دار کو ملازمت دی گئی ہے۔ "ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،عادل پہلگام میں سیاحوں کو گھوڑے پر سیر کراتے تھے۔ حادثے کے دن وہ بائیسارن وادی میں سیاحوں کے ساتھ تھے جب ان کا سامنا دہشت گردوں سے ہوا۔ ایک دہشت گرد نے سیاحوں سے کلمہ پڑھنے کو کہا، جس پر عادل نے اس سے بحث کی اور اس کا ہتھیار چھیننے کیکوشش کی۔ دہشت گرد نے گولی مار کر عادل کو شہید کر دیا۔
تقرری نامہ وصول کرنے والے نزاکت احمد نے اپنے بھائی کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وقف بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ 22 اپریل کو بائیسارن وادی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے عادل حسین سمیت 26 عام شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں کسی وقف بورڈ نے اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے شہداء کے خاندانوں کی عملی مدد کی ہے۔