یو سی سی کے اعلان پر اویسی کا امت شاہ پر حملہ، بولے: ’یہ مساوات نہیں، مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے‘
47
M.U.H
14/09/2026
نئی دہلی: اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے یکساں سول کوڈ (UCC) کے اعلان پر سوال اٹھایا ہے۔ اویسی نے کہا کہ یو سی سی کا مطلب غیر ہندوؤں پر ہندو قانون نافذ کرنا ہے۔ اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر لکھا، “بی جے پی نے خود ایک لاء کمیشن مقرر کیا، جس نے کہا کہ یو سی سی نہ تو ضروری ہے اور نہ ہی مطلوبہ۔ اس ملک کی روح اس کے تنوع میں ہے۔ یو سی سی کا مطلب غیر ہندوؤں پر ہندو قانون نافذ کرنا ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ بی جے پی یو سی سی چاہتی ہے، جبکہ اس کی اپنی ریاستیں ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ جیسے قانون پاس کرتی ہیں، جو ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان جائیداد کی فروخت پر پابندی لگاتی ہے۔ اویسی نے یہ بھی الزام لگایا کہ نام نہاد “لو جہاد” قوانین صرف عیسائیوں اور مسلمانوں کے خلاف لاگو کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو سی سی مساوات کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کو لے کر ہے۔
اسد الدین اویسی نے بی جے پی کے حلیفوں سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، “بی جے پی کے حلیفوں کے لیے یہ ظاہر کرنے کا وقت آگیا ہے کہ ان کی اپنی آزاد سیاسی آواز ہے اور وہ صرف ایک ‘چھوٹی بی جے پی’ نہیں ہیں۔” اپنی پوسٹ میں، اویسی نے لکھا، “امت شاہ کے غلط گھمنڈ اور ‘تاریخ’ کی وجہ سے 2019 میں سی اے اے/این آر سی مخالف تحریک شروع ہوئی۔ خود وزیر اعظم کو یہ کہنا پڑا کہ این آر سی نہیں ہوگا۔
ایس آئی آر کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “اب ہم SIR کے حوالے سے ایک افسوس ناک صورتحال کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جہاں عام لوگوں کو دستاویزات کے ساتھ سماعتوں میں شرکت کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس سے خاص طور پر اقلیتوں، ایس سی/ایس ٹی، اور تارکین وطن کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ این آر سی 100 گنا بدتر ہو جائے گا۔ ہم پہلے ہی دیکھ چکے ہیں کہ آسام میں این آر سی کتنا تباہ کن رہا ہے۔”
اسد الدین اویسی نے کہا کہ این آر سی ہر کسی کو لائن میں کھڑے ہونے اور اپنی شہریت ثابت کرنے پر مجبور کرے گا۔ “ایک ایسے ملک میں جہاں 80 کرو ڑ لوگ کھانے کے لیے راشن پر انحصار کرتے ہیں، آپ چاہتے ہیں کہ وہ دستاویزات تلاش کریں اور اپنی شہریت ثابت کریں؟ کیوں؟ یہ حکومت چاہتی ہے کہ ہم کسی نہ کسی بیوروکریٹ کے رحم و کرم پر رہیں۔”