امت شاہ کا بڑا اعلان: 2029 تک این ڈی اے کی تمام 21 ریاستوں میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا عزم
43
M.U.H
14/09/2026
ممبئی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سال 2029 تک تمام 21 این ڈی اے حکومت والی تمام ریاستوں میں یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "ہم نے کئی ریاستوں میں یو سی سی نافذ کر دیا ہے، اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہم سال 2029 سے پہلے این ڈی اے کے زیرِ اقتدار تمام 21 ریاستوں میں یو سی سی متعارف کرا دیں گے۔" قابل ذکر ہے کہ اگلے لوک سبھا انتخابات 2029 میں ہونے والے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کے 25 سالہ سفر اور گذشتہ 12 برسوں کے اقتدار کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم نے تین طلاق کو ختم کیا اور مسلم خواتین کو مساوی حقوق دیے۔"
دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کو قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ کشمیر اب پوری طرح سے بھارت کا حصہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "یہ مانا جاتا تھا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی ناممکن ہے، لیکن ہم نے خون کا ایک بھی قطرہ بہائے یا ایک بھی گولی چلائے بغیر ایسا کر کے دکھایا۔"
امت شاہ نے کہا کہ حکومت نے پانچ دہائیوں پر محیط نکسل ازم کا خاتمہ کر دیا ہے اور شمال مشرقی خطے میں مختلف گروپوں کے ساتھ 14 سے زیادہ امن معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "9,000 سے زیادہ لوگوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور آج ہم نے شمال مشرقی خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیکس، ایئر اسٹرائیکس اور آپریشن سندور نے دہشت گردی کے خلاف 'زیرو ٹالرینس' کی پالیسی کو قائم کیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا منی پور میں نیشنل رجسٹر آف سیٹیزنز کے نفاذ کے لیے سال 1951 کو بنیادی سال مانا جائے گا، تو شاہ نے کہا کہ مرکز اس معاملے پر اپنے اتحادیوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
انہوں سے کہا کہ "ہم ان مسائل پر اپنے اتحادیوں اور منی پور کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ جو بھی فیصلہ لیا جائے گا، ہم آپ کو مطلع کر دیں گے۔"
امت شاہ نے مزید کہا کہ سال 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد، بھارت بدعنوانی، ذات پات اور خاندانی سیاست کے دور سے نکل کر "کارکردگی پر مبنی سیاست" کی طرف بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی خارجہ اور دفاعی پالیسیوں کو ایک "مضبوط سہارا" ملا ہے، جس میں "انڈیا فرسٹ" حکومت کے نقطہ نظر کی رہنمائی کر رہا ہے اور قومی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔