اسرائیل کیجانب سے غزہ میں "ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز" کی سرگرمیاں ختم کرنیکا فیصلہ
5
M.U.H
01/02/2026
فلسطینی سرزمین پر قابض سفاک صیہونی ریجیم کے اس فیصلے کا بہانہ یہ ہے کہ طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (MSF) نے اپنے فلسطینی ملازمین کے ناموں کی فہرست، تل ابیب کو فراہم نہیں کی، ایک ایسی شرط کہ جو اسرائیل اب غزہ کی پٹی میں کام کرنے والی تمام انسانی امدادی تنظیموں پر سختی کے ساتھ عائد کر رہا ہے۔ قابض صیہونی ریجیم کے اداروں "وزارت امیگریشن" اور "یہود دشمنی کے خلاف جنگ" نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کی کوشش میں ہیں کیونکہ یہ تنظیم "ضروری شرائط" کو پورا کرنے اور جواب دینے میں ناکام رہی ہے لہذا اس کی تمام انسانی کارروائیاں فوری طور پر معطل کر دی جائیں گی اور وہ مقررہ تاریخ پر غزہ کی پٹی سے نکل جائے گی۔
اس کے برعکس، ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ غزہ اور مغربی کنارے میں کام کرنے والی امدادی تنظیموں کے خلاف دباؤ، دھمکی اور بدنامی پر مبنی ایک وسیع تر صیہونی مہم کا حصہ ہے کہ جس کا مقصد ان امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں کو محدود اور اہم طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کی ان کی صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔ اس طبی امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں کام کرنے کے لئے اس کی رجسٹریشن کو جنوری 2026 کے آغاز سے ختم کر دیا جائے گا، یعنی اگر اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی گئی تو وہ یکم مارچ تک اپنا امدادی آپریشن بند کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے خبردار کیا کہ اس کی کارروائیوں کو روکنے سے لاکھوں فلسطینیوں کو نہ صرف طبی امداد بلکہ پینے کے پانی سے بھی محروم کردیا جائے گا جبکہ یہ تنظیم صرف غزہ ہی میں تقریباً نصف ملین لوگوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس طبی امدادی تنظیم نے قابض اسرائیلی ریجیم کے، عدم تعاون سے متعلق دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کی تجدید کے لئے کئی مہینوں سے اسرائیلی حکام کے ساتھ مسلسل بات چیت کی خواہاں ہے اور کسی بھی رابطے کی منتظر ہے جو اس کے عملے کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس کی "جان بچانے والی طبی سرگرمیوں" کو جاری رکھنے کو بھی یقینی بنائے۔
ایم ایس ایف نے مزید کہا کہ صرف 2025 میں ہی اس کی ٹیموں نے 1 لاکھ سے زائد سنگین زخموں کا علاج کیا ہے، 22 ہزار 700 سرجریاں انجام دی ہیں، تقریباً 8 لاکھ طبی مشورے دیئے ہیں اور دسیوں ہزار افراد کو انفرادی و گروہی نفسیاتی سیشن میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 10 ہزار سے زائد ڈیلیوریز میں مدد بھی فراہم کی ہے۔