اسرائیل اور اس کو ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک اقوام متحدہ سے خارج کیے جائیں: آئرلینڈ
15
M.U.H
17/09/2025
آئرلینڈ کے صدر نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے حامی ممالک کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہونے پر اقوام متحدہ سے اخراج اور بین الاقوامی سطح پر ان کے خلاف پابندیاں عائد کی جائیں۔
آئرلینڈ کے صدر مائیکل ڈی ہیگنز نے کہا ہے کہ اسرائیل اور وہ ممالک جو اسے ہتھیار فراہم کرتے ہیں، انہیں اقوام متحدہ سے خارج کردینا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ اب ہمیں ان ممالک کے خلاف تجارتی پابندیاں عائد کرنے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے جو انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہیں۔
آئرش صدر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یورپی یونین کے بعض طاقتور ممالک غزہ میں غذائی بحران، نسل کشی اور دیگر جنگی جرائم پر خاموش ہیں۔
اس سے قبل، آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے بھی کہا کہ بین الاقوامی دباؤ بڑھا کر اسرائیل کو غزہ پر حملے روکنے پر مجبور کرنا ضروری ہے، کیونکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق وہاں نسل کشی جاری ہے اور اسرائیل کو جواب دہ ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی تحقیقی کمیٹی نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل گذشتہ دو سال سے فلسطینیوں کو بھوک اور دیگر مظالم کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس حوالے سے 60 ہزار شواہد جمع کیے جاچکے ہیں۔